ٹینکر اور روڈ ویز بس کے درمیان خوفناک تصادم، ایک ہلاک، 12 زخمی

Taasir Urdu News Network – MD. ARSHAD 10 APRIL

بجنور :09اپریل (ایجنسی )اتر پردیش کے بجنور ضلع کے دھام پور تھانہ علاقے میں تیز رفتار ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی اور اتراکھنڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (مشرقی) بجنور (اے ایس پی) دھرم سنگھ مارچل نے بتایا کہ ہفتہ کی شام دھام پور تھانہ علاقے کے تحت قومی شاہراہ پر دمینتی اسپتال کے قریب ایک تیز رفتار ٹینکر ایک بائیکر کو روندتا ہو اتراکھنڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس سے جوکہ مخالف سمت سے آ رہی تھی ٹکرا گیا۔اے ایس پی نے بتایا کہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار ٹیچر سوربھ ملک (38) کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ بس میں سوار کم از کم 12 مسافر زخمی ہوگئے۔ اے ایس پی نے بتایا کہ زخمیوں کو قریبی پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیا گیا ہے۔اے ایس پی نے کہا کہ ملزم ٹینکر ڈرائیور کلویر نے شراب نوشی کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کلویر کو نشے حالت میں تیز رفتاری سے گاڑی چلانے، اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔