گہلوت پر وسندھرا کے ساتھ ساز باز کا الزام

Taasir Urdu News Network – MD. ARSHAD 10 APRIL

جے پور، 9 اپریل (ہ س)۔ راجستھان میں سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے وزیر اعلی اشوک گہلوت پر وسندھرا راجے کے ساتھ ساز باز کا الزام لگاتے ہوئے اپنی ہی حکومت کے خلاف انشن پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بدعنوانی کے معاملے پر ایک بار پھر اپنی ہی پارٹی کی حکومت پر سوال اٹھائے ہیں۔ پائلٹ نے یہ فیصلہ اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر بلائی گئی پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایک سال قبل سابق وزیر اعلی وسندھرا راجے کے خلاف وزیر اعلی گہلوت سے شکایت کی تھی، لیکن گہلوت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اس کی مخالفت میں پائلٹ 11 اپریل کو جے پور میں شہداء کی یادگار پر ایک روزہ بھوک ہڑتال پر جائیں گے۔پائلٹ نے کہا کہ وسندھرا حکومت میں بدعنوانی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہم نے وعدہ کیا تھا کہ انکوائری کرائی جائے گی۔ الیکشن میں 6 سے 7 ماہ باقی ہیں، مخالفین کنفیوژن پھیلا سکتے ہیں کہ کوئی ساز باز نہیں، ثابت کرنے کے لیے جلد کارروائی کرنا ہوگی۔ تاکہ کانگریسی کارکنان کو لگے کہ ہمارے قول و فعل میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسندھرا حکومت کے دوران اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہم نے 45,000 کروڑ روپے کے گھوٹالوں کے بارے میں آواز اٹھائی تھی۔