Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13 APRIL
ریاض،13اپریل:سعودی پورٹس اتھارٹی (ماوانی) نے کہا ہے کہ مارچ میں سعودی بندرگاہوں پرسنبھالے جانے یالنگرانداز ہونے والے شپنگ کنٹینرز کی تعداد میں سال بہ سال کی بنیاد پر 21.14 فی صد اضافہ ہوا ہے۔مارچ 2023 میں ملک کی بندرگاہوں پر مجموعی طور پر20 فٹ کے 693,523 کنٹینرز کو سنبھالا گیا جبکہ مارچ 2022 میں یہ تعداد 572,475 تھی۔موانی کے اعدادوشمار کے مطابق برآمدات میں 17.74 فی صد اضافہ ہوا ہے۔یہ گذشتہ سال مارچ میں ایک لاکھ 66 ہزار 45 کے مقابلے میں رواں سال مارچ میں ایک لاکھ 95 ہزار 495 کنٹینرز تک پہنچ گئی ہیں۔درآمدات 37.05 فی صد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 24 ہزار 221 کنٹینرز رہیں جو 2022 میں ایک لاکھ 62 ہزار 876 کنٹینرز تھیں۔سعودی بندرگاہوں نے مارچ 2023 میں مجموعی طور پر 26،102،998 ٹن کارگو سنبھالا ہے۔ان میں 523،513 ٹن جنرل کارگو ، 4،588،115 ٹن مائع بلک کارگو ، اور 13،594،542 ٹن خشک بلک کارگو شامل ہیں۔یہ کل ٹن وزن مارچ 2022 کے مقابلے میں 5.81 فی صد اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔غذائی اجناس میں بھی 37.52 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ان کی مقدار 2022 میں 1,487,327 ٹن سے بڑھ کر اس سال 2,045,428 ٹن ہو گئی ہے۔لائیو سٹاک 496.26 فی صد سالانہ اضافے کے ساتھ 104,592 سے 623,644 مویشیوں تک پہنچ گیا۔رواں سال مارچ میں سعودی عرب کی بندرگاہوں کے ذریعے مجموعی طور پر 76,086 گاڑیاں درآمد کی گئیں جو گذشتہ سال کے 68,287 یونٹس کے مقابلے میں 11.42 فی صد زیادہ ہیں۔مزید برآں، مارچ 2023 میں 984 بحری جہاز سعودی ساحلوں پر پہنچے۔ یہ تعداد مارچ 2022 کے 874 جہازوں کے مقابلے میں 12.59 فی صد زیادہ ہے۔مسافروں کی آمدورفت میں بھی سال بہ سال کی بنیاد پر21.16 فی صد اضافہ ہوا اور یہ 104,575 افراد تک پہنچ گئی۔مسافروں کی یہ تعداد گذشتہ سال مارچ میں 86،308 تھی۔