بنگال بی جے پی میں شبھیندو کی من مانی سے ناراض مرکزی قیادت نے جواب طلب کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 APRIL

کولکاتا، 14 اپریل :بی جے پی کے سینئر ایم ایل اے اور قائد حزب اختلاف شبھیندو ادھیکاری نے پارٹی سے مشورہ کیے بغیر اپنے حلقہ انتخاب نندی گرام میں پنچایتی انتخابات کے لیے اپنے پسندیدہ امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کو لے کر جہاں ایک طرف ترنمول کانگریس بی جے پی کی دھڑے بندی پرطنز کر رہی ہے وہیں دوسری طرف بی جے پی کی مرکزی قیادت اس سے ناراض بتائی جاتی ہے۔ پارٹی قیادت نے امیدواروں کے یکطرفہ اعلان کے حوالے سے شبھیندو ادھیکاری سے جواب طلب کیا ہے۔ دوسری طرف ریاستی بی جے پی صدر سکانت مجومدار نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے اور مرکزی قیادت سے اس سلسلے میں اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
نندی گرام کے نمبر ایک بلاک پر واقع ہری پور پنچایت کے لیے شبھیندو ادھیکاری نے پہلے ہی 15 میں سے 14 امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس پر مرکزی قیادت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدواروں کا فیصلہ براہ راست مرکزی قیادت کرے گی۔ نندی گرام سے جن امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے، انہیں ٹکٹ نہیں ملنے والا ہے۔
اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ادھیکاری سے اس معاملے میں جواب طلب کیا ہے کہ ایسا کیوں کیا گیا۔ تاہم، ریاستی بی جے پی صدر سکانت مجومدار نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے کہا ہے کہ پنچایت انتخابات کی تیاریاں کافی عرصے سے جاری ہیں، اس لیے امیدواروں کی پیشگی اطلاع رکھی گئی ہے۔ تاہم، بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے امیدواروں کے اعلان پر اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا ہے اور شبھیندو سے کہا ہے کہ وہ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ بی جے پی میں ہر چیز کا فیصلہ مرکزی قیادت کرتی ہے۔ ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔