Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 14 APRIL
مانچسٹر، 14اپریل: مارسیل سبیٹزر کے پہلے ہاف میں کئے گئے دو گول کی بدولت مانچسٹر یونائیٹڈ یوروپا لیگ میں سیمی فائنل کی جگہ بنانے کی طرف مضبوطی کے ساتھ قدم بڑھا رہا تھا لیکن آخری لمحات میں غفلت کی وجہ سے انہیں سیویلا ایف سی کے ساتھ کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے کا میچ ایک 2-2 ڈراکھیلنا پڑا۔سیبٹزر نے 14ویں اور 21ویں منٹ میں گول کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا تھا لیکن ٹائرل ملاسیا نے 84ویں منٹ میں خودکش گول کر دیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈکی خراب قسمت یہیں نہیں رکی۔ اس کے بعد ہیری میگوائر نے انجری ٹائم کے دوسرے ہی منٹ میں ایک اور خود کش کر کے اپنی ہی ٹیم کی جیت پر پانی پھیر دیا۔ کوارٹر فائنل کا دوسرالیگ اگلے ہفتے اسپین میں کھیلا جائے گا۔
دریں اثنا ایک اور میچ میٹس ویفر کے دوسرے ہاف کے گول کی مدد سے فیینورڈ نے یوروپا لیگ کے پہلے لیگ کے کوارٹر فائنل میں روما کو 1-0 سے شکست دی۔ اسی طرح جووینٹس نے کوارٹر فائنل مرحلے کے پہلے میچ میں ڈیفینڈر فیڈریکو گیٹی کے 73ویں منٹ کے گول سے اسپورٹنگ لزبن کو 1-0 سے شکست دی۔اس کے علاوہ لیور کوسین اور یونین سینٹ گیلیوس کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1سے برابررہا۔میچ کا پہلا گول یونین کی جانب سے 51ویں منٹ میں وکٹر بونیفیس نے کیا۔ اس کے بعد 82ویں منٹ میں لیور کیوسن کی جانب سے فلوریان ورٹز نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔