Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18 APRIL
نئی دہلی، 18 اپریل: سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم منگل کو آئی پی ایل 2023 میں اپنے گھریلو میدان پر ممبئی انڈینز کا مقابلہ کرے گی۔ ممبئی کے خلاف، اورنج آرمی کا مقصد آخری دو میچوں میں حاصل کردہ جیت کا سلسلہ برقرار رکھنا ہے۔آئی پی ایل 2023 کی پہلی سنچری بنانے والے حیدرآباد کے بلے باز ہیری بروک ایک بار پھر سب کی نظروں میں ہوں گے۔ انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے کرکٹر نے ٹورنامنٹ کے اپنے چوتھے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر ) کے خلاف اپنی پہلی آئی پی ایل سنچری اسکور کی ۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ لائیو میں بروک کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’بروک تیز گیند بازی کواچھی طرح سے کھیلتے ہیں، ان کے پاس تیز گیند بازوں کے خلاف کافی شاٹس ہیں، حالانکہ وہ اسپن کے خلاف بہت مضبوط نہیں ہیں۔ وہ سنگلز اور ڈبلز لے کر اپنی کمزوری چھپاتے ہیں۔ انہیں جب بھی موقع ملتا ہے، وہ تیز گیند بازوں کی کمزور گیندوں کو باؤنڈریز کے لیے مارتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں حیدرآباد کے دوسرے بلے بازوں کا بھی اچھا تعاون حاصل ہورہاہے ،اس سے انہیں آگے بڑھنے میں کافی اعتماد ملے گا‘‘۔
اس کے ساتھ ہی ممبئی انڈینز نے بھی آئی پی ایل 2023 میں بیک ٹو بیک جیت درج کی ہے اور کپتان روہت شرما کی قیادت میں ٹیم اس رفتار کو آگے بڑھانا چاہے گی۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر محمد کیف نے ممبئی کی ٹیم کی اپنے آخری دو میچ جیتنے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی نے دکھایا ہے کہ وہ پانچ بار کی چیمپئن کیوں ہے۔
کیف نے کہا،’’امید ہے، ہم پرانی ممبئی انڈینز کی ٹیم کو سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف دیکھیں گے۔ پرانی ممبئی انڈینز اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے جانی جاتی تھی اور انھوں نے پچھلے دو میچوں میں اسے ثابت کر دیا ہے‘‘۔