Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19 APRIL
سری نگر19اپریل: سری نگر میں زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں سیاحوں کا سیلاب تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے نتیجے میں ماضی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران 4 لاکھ سیاح اس باغ کی رعنائیوں سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔ بتادیں کہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے 19 مارچ کو یہ باغ سیاحوں کے لئے کھول دیا تھا۔ٹولپ گارڈ کے فلوری کلچر افسر شائق رسول نے یو این آئی کو بتایا کہ منگل کے روز زائد از 8 ہزار سیاحوں کی باغ گل لالہ کی سیر کے ساتھ ہی سال گزشتہ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔شائق رسول کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران 22 مارچ کو سب سے زیادہ 35 ہزار 1 سو 6 سیاح، جن میں 12 ہزار2 سو 4 ملکی، 76 غیر ملکی اور22 ہزار 8 سو26 مقامی سیاح شامل تھی، ٹلپ گارڈن کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 2 اپریل کو سب سے زیادہ 23 ہزار2 سو 12 سیاح جن میں 21 ہزار3 سو40 ملکی 68 غیر ملکی اور1 ہزار 8 سو 4 مقامی سیاح شامل تھے، نے باغ گل لالہ کی سیر کی۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جموں وکشمیر کی خوبصورتی کے متعلق 24 مارچ کو کئے گئے ٹوئٹس سے ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ درج ہونے لگا۔ اس باغ میں امسال 68 سے زیادہ اقسام کے 16 لاکھ گل لالہ لگائے گئے ہیں اور اس کے علاوہ باغ کی رونق میں مزید چار چاند لگانے کے لئے فواروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ باغ میں جسمانی طور ناخیز افراد اور عمر رسیدہ افراد کے چلنے پھرنے کے لئے مفت ویل چیئر سروس کا بندو بست رکھا گیا ہے۔ 30 ہیکٹر رقبے پر پھیلے باغ گل لالہ سے جموں و کشمیر کا سیاحتی شعبہ مزید مستحکم ہوا ہے۔