Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY
بیگوسرائے، 02 مئی: بیگوسرائے کے ویرپور تھانہ علاقہ میں پیکس صدر اور سابق مکھیا کو گولی مارنے والے بدمعاش کو گاوں والوں نے پیٹ۔ پیٹ کر مار ڈالا۔ واقعہ ویر پور تھانہ علاقہ کے بڑہرا گاوں کا ہے۔ متوفی مقامی رہائشی سوربھ مہتو کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعہ کے سلسلے میں بتایا جا رہا ہے کہ پیر کی رات بدمعاشوں نے آر جے ڈی لیڈر سابق مکھیا اورپیکس کے موجودہ صدر سکھ رام مہتو کو اس وقت گولی مار دی جب وہ رات کا کھانا کھا کر گھر واپس آ رہے تھے۔ گولی لگنے سے شدید زخمی سکھ رام مہتو کا پرائیویٹ اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ پولیس کو گولی مارنے والے بدمعاش کی تلاش تھی۔ اسی دوران منگل کی صبح تقریباً 6:30 بجے ایک بدمعاش سوربھ مہتو گاوں والوں کے ہتھے چڑھ گیا۔ گاوں والوں کو اپنی طرف آتے دیکھ کر اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن مشتعل لوگوں نے اسے پکڑ کر جم کر پٹائی کر دی۔
بدمعاش کی پٹائی کی اطلاع ملتے ہی ویرپورتھانہ کی پولیس اسے گاوں والوں سے بچا کر علاج کے لیے صدر اسپتال پہنچی جہاں علاج کے دوران سوربھ مہتو کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ بڑہرا رہائشی آنجہانی گوری مہتو کا بیٹا سوربھ مہتو بھی مجرم تھا اور تقریباً ایک سال قبل قتل کے ایک مقدمہ میں جیل سے باہر آیا تھا۔
جیل سے باہر آنے کے بعد اس کی مشتبہ سرگرمی کو دیکھ کر سکھ رام مہتو نے اسے پنچایت کے دوران سدھرنے کا مشورہ دیا۔ اس سے مشتعل ہو کر اس نے رات میں سکھ رام مہتو کو گولی مار دی۔ ڈی ایس پی صدر کی سربراہی میں جاری پولیس چھاپہ ماری کے خوف سے تمام بدمعاش فرار ہوگئے۔ صبح جب سوربھ گھر میں چائے پینے آیا تو گاوں والوں نے اسے دیکھ لیا اور مشتعل ہجوم نے اسے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔
صدر ڈی ایس پی امت کمار نے منگل کی صبح بتایا کہ سابق مکھیا اور موجودہ سرپنچ شوہر سکھ رام مہتو کو پیر کی شام بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ تحقیق میں تین بدمعاشوں کے نام سامنے آئے۔ اس میں سے کلیدی ملزم سوربھ مہتو منگل کی صبح گاوں والوں کی پٹائی کے بعد شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے اسے صدر اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ سوربھ بھی ایک بدمعاش تھا اور اس کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں۔