Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY
عمان ،2مئی:اردن میں ایک لرزہ خیز قتل نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اس بہیمانہ واردات میں 6 افراد شریک تھے۔ عمان کے شمال مشرق میں زرقا گورنریٹ میں سفاک افراد نے اپنے 50 سالہ رشتہ دار کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اسے انجام دیا۔پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرطاوی نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو بتایا کہ زرقا گورنریٹ پولیس ڈائریکٹوریٹ کو اطلاع ملی کہ (م، ا) نام کا ایک شہری الھاشمیہ ریجن میں اپنے گھر کے اندر فوت ہوگیا ہے۔ شہری کی لاش کا فارنزک معائنہ کیا گیا تو اس کی موت کے پیچھے مجرمانہ کارروائی کا شبہ ہوا۔میڈیا ترجمان نے مزید بتایا کہ کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ اور زرقا پولیس ڈائریکٹوریٹ سے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے متاثرہ شخص کے بارے میں معلومات اور شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا۔ شواہد اور معلومات کی وجہ سے متاثرہ کے لواحقین کے تین افراد پر شبہ ہوا۔ ان سب کو گرفتار کر لیا گیا۔ پوچھ گچھ کے بعد انہوں نے اعتراف کیا گیا کہ دیگر تین رشتہ داروں ے اکسانے پر انہوں نے اپنے رشتہ دار کو قتل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم (م، ا) کو اس کی مرضی کے خلاف ایک غیر آباد علاقے میں لے گئے تھے۔ جھگڑے کے بعد اس پر تشدد شروع کیا۔ اسے مار مار کر اس کا گلا گھونٹتے رہے۔ جب وہ ہوش کھو بیٹھا تو وہ اسے اس کے گھر لے گئے۔مرحوم اپنے علاقے کی ایک معروف عوامی شخصیت ہیں اور انہیں ان لوگوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے جو اختلافات، علیحدگی اور جھگڑوں میں صلح کراتے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر نے سب چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔