سپریم کورٹ نے’دی کیرالہ اسٹوری‘کی ریلیز پر روک لگانے کی درخواست پر فوری سماعت سے انکار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY

نئی دہلی،02اپریل: فلم ‘دی کیرالہ اسٹوری’ کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے اور سپریم کورٹ سے فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے فوری طور پر سماعت کرنے اور اس معاملے کو نفرت انگیز تقریر کی درخواستوں کے ساتھ ٹیگ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست گزار اس حوالے سے ہائی کورٹ کیوں نہیں جاتے؟ سنسر بورڈ نے عمل کے ذریعے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ دراصل، سینئر وکیل کپل سبل اور ایڈوکیٹ نظام پاشا نے جسٹس کے ایم جوزف اور جسٹس بی وی ناگرتنا کی بنچ کو بتایا کہ فلم کے ٹریلر کو ایک کروڑ 60 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔ یہ فلم جمعہ کو ریلیز ہو رہی ہے۔بنچ نے اپنے ریمارکس میں کہا نفرت انگیز تقریر کی کئی قسمیں ہیں۔ اس فلم کو سرٹیفکیٹ مل گیا ہے اور بورڈ نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ کوئی ڈائس پر آکر بکواس کرنے لگے۔ اگر آپ فلم کی ریلیز کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو سرٹیفکیٹ کو چیلنج کرنا چاہیے اور وہ بھی مناسب فورم کے ذریعے۔اس پر ایڈوکیٹ سبل نے کہا کہ جو بھی ضروری ہوگا وہ کریں گے۔ جسٹس ناگارتنا نے کہا کہ عرضی گزار کو پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا چاہئے۔ ایڈوکیٹ پاشا نے کہا کہ فلم جمعہ کو ریلیز ہونے والی ہے اس لیے وقت نہیں ہے۔بنچ نے کہایہ کوئی گراؤنڈ نہیں ہے۔ ہر کوئی اس طرح سپریم کورٹ آنا شروع ہو جائے گا۔‘‘ پاشا نے کہا کہ اسی لیے انہوں نے نفرت انگیز تقریر کیس میں مداخلت کی درخواست دائر کی ہے۔ یہ فلم تبادلوں پر مبنی ہے۔’دی کیرالہ اسٹوری‘کے ٹریلر میں برین واش، لو جہاد، حجاب اور آئی ایس آئی ایس جیسے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ فلم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کیرالہ سے لاپتہ ہونے والی 32,000 لڑکیوں کی کہانی ہے جنہیں پہلے برین واش کر کے اسلام قبول کرنے پر مجبور کیا گیا اور بعد میں انہیں آئی ایس آئی ایس دہشت گرد بنا دیا گیا۔