Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY
ماسکو،3مئی:روس نے گذشتہ چوبیس گھنٹے میں یوکرین کے تین فوجی طیاروں کو مار گرایا ہے جبکہ اس نے یوکرین پربڑے پیمانے پر میزائل حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔روس کی وزارتِ دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے منگل کے روزکہا ہے کہ ہماری فضائی دفاعی صلاحیتوں نے یوکرین کی فضائیہ کے تین طیاروں کوتباہ کردیا ہے۔ یوکرین کے دو مِگ 29 لڑاکا طیاروں کو عوامی جمہوریہ دونیتسک میں اولیانفکا اورخرسن ریجن میں میرولیفبوکا کی بستیوں کے قریب مارگرایا گیا۔یوکرینی فضائیہ کا ایک ایس یو25 طیارہ خرسن ریجن میں ویلتنسکوئے کی بستی کے قریب گرکرتباہ ہوا۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ روسی افواج نے گذشتہ روز یوکرین کے متعدد علاقوں میں درجنوں فوجیوں، ہتھیاروں اور سازوسامان کو ذخیرہ کرنے والے فوجی مقامات اور گولہ بارود کے ڈپوکو نشانہ بنایا اور تباہ کردیا ہے۔روسی فضائی دفاع نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکی ساختہ ہیمارس کثیرالنوع لانچ راکٹ سسٹم کے آٹھ راکٹوں اوریوکرینی فوج کے دو ہارم اینٹی ریڈار میزائلوں کو ناکام بنایا ہے۔روس کی جانب سے یہ اعلان ماسکو کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اس نے یوکرین میں فوجی ٹھکانوں جیسے گولہ بارود کی فیکٹریوں اور ہتھیاروں کے ڈپوکو نشانہ بنانے کے لیے رات گئے میزائل حملے کیے ہیں۔روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کی مسلح افواج نے یوکرین کی فوجی صنعتی تنصیبات پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے فضائی اور سمندری ہتھیاروں کے ذریعے میزائل حملے کیے ہیں۔اس میں مزیدکہا گیا ہے کہ’’حملے کے مقاصد حاصل کر لیے گئے… یوکرین کے فوجیوں کے لیے گولہ بارود، ہتھیار اور فوجی سازوسامان بنانے والے اداروں کونقصان پہنچایا گیاہے۔ تاہم ماسکو نے اپنے دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ العربیہ آزادانہ طور پر روسی بیان کی تصدیق نہیں کر سکا۔کوناشینکوف کا مزید کہنا تھا کہ ماسکو کے یوکرین پر حملے کے آغاز سے لے کر اب تک روسی مسلح افواج نے یوکرین کے 416 لڑاکا طیارے، 230 ہیلی کاپٹر، 3919 بغیر پائلٹ کے فضائی گاڑیاں، 421 طیارہ شکن میزائل سسٹم، 8938 ٹینک اور دیگر بکتر بند لڑاکا گاڑیاں، 1095 مختلف اقسام کے راکٹ لانچر، 4709 فیلڈ آرٹلری گنز اور مارٹر اور 9911 خصوصی فوجی موٹرگاڑیاں تباہ کی ہیں۔