بی سی سی آئی نے ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے اگلے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY

نئی دہلی، 3 مئی:بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہندوستانی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس سال کی شروعات میں خوتین ٹی- 20 ورلڈ کپ سے پہلے رمیش پووار کو بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ٹرانسفر کئے جانے کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ درخواست دہندہ سے توقع کی جائے گی کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکا ہو، یا کم از کم این سی اے سطح کا سی-سرٹیفائیڈ کوچ ہو، یا کسی معروف تنظیم سے اسی طرح کی سند ہو۔ ساتھ ہی 50 فرسٹ کلاس گیمز کا تجربہ ہو یا ایک سیزن کے لیے بین الاقوامی ٹیم یا دو سیزن کے لیے ٹی- 20 فرنچائزی کو کوچنگ دینے کا تجربہ ہو۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مضبوط ٹیم تیار کرنے، خواتین کے کوچنگ سیٹ اپ کو تیار کرنے اور فٹنس کے معیارات اور اعلیٰ کارکردگی کے معیارات کی نگرانی کے علاوہ، ہیڈ کوچ سے میڈیا کو وقتاًفوقتاًبی سی سی آئی کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق خطاب کرنے کی بھی توقع ہے۔
پووار نے 2021 میں ڈبلیو وی رمن کی میعاد ختم ہونے کے بعد ٹیم کوچ کا چارج سنبھالا تھا۔ ان کی ہدایت پر ہندوستان نے 2021 میں انگلینڈ اور آسٹریلیا میں واحد ٹیسٹ ڈرا کیا اور ون ڈے میں آسٹریلیا کا 26 میچ جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ لیکن 2022 میں 50 اوور کے ورلڈ کپ میں لیگ مرحلے سے ہی باہر ہو گیا ہے۔ لیکن انہوں نے ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کو اسی کے گھر میں 0-3 سے شکست دینے سے پہلے سال کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ پووار کی کوچنگ میں ہندوستانی ٹیم نے آخری ٹورنامنٹ جو جیتا تھا وہ گزشتہ سال اکتوبر میں ٹی-20 ایشیا کپ تھا۔حالانکہ گزشتہ سال دسمبر میں، پووار کو این سی اے میں اسپن بولنگ کوچ بنایا گیا تھا۔ بیٹنگ کوچ ہرشی کیش کانیتکر کو ٹی- 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا انچارج بنایا گیا تھا، جہاں ہندوستان کو سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس عہدہ کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ، جن کی میعاد کو عام نہیں کیا گیا ہے، 10 مئی کو ہندوستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہے۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا اگلا شیڈول دو طرفہ سیریز کے لیے جون میں بنگلہ دیش کا دورہ ہے۔