Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY
نئی دہلی، 3 مئی:احتجاج پر بیٹھے پہلوانوں میں سے ایک بجرنگ پونیا نے منگل کو کہا کہ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کی صدر پی ٹی اوشا نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ کے خلاف ان کے احتجاج میں پہلوانوں کے ساتھ یکجہتی کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ وہ “انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے” میں مدد کریں گی۔ پی تی اوشا آج جنتر منتر پہنچیں جہاں پہلوان، ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ 11 دنوں سے دھرنا دے رہے ہیں۔ پونیا نے میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا، ” انہوں نے (اوشا) کہا کہ میں آپ کے ساتھ ہوں اور میں آپ کو انصاف دلانے میں مدد کروں گی۔”اولمپک 2021 کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان نے مزید کہا کہ پہلوان اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک ڈبلیو ایف آئی کے سربراہ کو سلاخوں کے پیچھے نہیں ڈالا جاتا۔ پونیا نے کہا کہ جب تک وہ جیل نہیں جاتا ہم یہیں رہیں گے۔اس سے پہلے، اوشا نے 27 اپریل کو کہا تھا کہ پہلوانوں کو ڈبلیو ایف آئی اور اس کے صدر کے خلاف سڑکوں پر آنے کے بجائے آئی او اے سے رجوع کرنا چاہئے تھا، جن پر پہلوانوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا۔پہلوانوں نے آئی او اے صدرپی ٹی اوشا کے ریمارکس پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔