TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN 4 MAY
واشنگٹن،4مئی: امریکی وزیرِ خارجہ انٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحافی گھیرے میں ہیں اور اس گھیرے یا محاصرے کے کئی انداز ہیں جن کا بھرپور اظہار روس میں امریکی صحافی ایون گیرشکووچ کی گرفتاری اور پھرقید میں ڈالے جانے سے ہوتا ہے۔بلنکن نے یہ بات اخبار واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی۔بلنکن نے کہا کہ انہوں نے ایون کی گرفتاری کے بعد براہِ راست روسی وزیرِ خارجہ سے اس بارے میں بات کی۔ ان پر واضح کیا کہ ایون کی رہائی کی کتنی اہمیت ہے اور یہ کہ انہیں وکیل تک رسائی دی جائے۔ انہو نے کہا کہ ان کے کہنے کے بعد ایون کو وکیل تک رسائی مہیا کی گئی۔صحافیوں کی غلط اور بلا جواز گرفتاریوں کے خلاف امریکی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ اس سلسلے میں امریکہ کی جانب سے لیونسن ایکٹ (Levinson Act ) کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے ذریعے ان لوگوں یا حکام تک پہنچا جا سکتا ہے جو صحافیوں کو یا امریکی شہریوں کو غلط طریقے سے حراست میں لیتے ہیں۔ اس ایکٹ کے تحت ان پر سفر کی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں یا ان کے اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں۔امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اگرچہ روس جیسے ملک نے یو کرین کے خلاف جارحیت کے باعث دنیا میں خود کو تنہا کر لیا ہے تاہم اس کے اقدامات اس کی تنہائی میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ اور یہ پیغام دے رہے ہیں کہ، ہمارے ملک میں مت آئیں۔۔۔یہاں کا سفر نہ کریں ورنہ آپ جو کوئی بھی ہیں۔۔آپ کو سڑک پر گھسیٹا جائے گا یا جیل میں ڈال دیا جائے گا۔مسٹر بلنکن نے کہا کہ فی الوقت روس میں امریکی شہریت کا حامل کوئی صحافی موجود نہیں۔ 20 روسی ہیں جو امریکی میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اگر دنیا میں اکثریت نے روس جاکر رپورٹنگ سے انکار کر دیا تو دنیا سے روس کا رابطہ مزید کٹ جائے گا۔صحافیوں کی مدد کے لیے امریکی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ بلنکن نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر میں ان صحافیوں کے لیے جدوجہد اور حکام پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے جنہیں دھمکیوں، جبر، ہراسانی، مقدمات اور نگرانی کا سامنا ہے۔