وزیراعظم مودی کے جلسے سے اننت کمار ہیگڈے غیر حاضر

TAASIR NEWS NETWORK-  SYED M HASSAN 4 MAY

انکولہ،4 مئی: انکولہ تعلقہ کے ہٹّی کیری میں انتخابی تشہیر کے لئے منعقدہ وزیر اعظم نریندرا مودی کے جلسے میں رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کی غیر حاضری ضلع کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد سے اب تک رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے کسی بھی امیدوار کے تعلق سے تشہیری مہم میں نہ شرکت کی اور نہ ہی پارٹی کی حمایت میں ووٹ کی اپیل یا بیان جاری کیا۔ اننت کمار کی اس خاموشی اور سیاسی سرگرمیوں سے دوری کا سبب ایک طرف پارٹی لیڈران سے اننت کمار کی ناراضی بتایا جا رہا تھا تو دوسری طرف یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ حالیہ دنوں میں اننت کمار نے جس طرح سیاسی کنارہ کشی اختیار کی ہے اس سے خود پارٹی لیڈران اننت کمار سے خفا ہوگئے ہیں۔ تیسری طرف پچھلے کچھ عرصہ سے یہ خبریں بھی گردش میں ہیں کہ اننت کمار کی طبیعت ہی اس حد تک خراب چل رہی ہے کہ وہ عوامی زندگی سے دور رہنے پر مجبور ہے۔اس دوران توقع کی جا رہی تھی کہ ہٹی کیری میں منعقدہ وزیر اعظم کے جلسے میں رکن پارلیمان کی حیثیت سے اننت کمار ہیگڈے کی شرکت ضرور ہوگی۔ لیکن اس جلسے سے بھی انہیں غیر حاضر دیکھنے کے بعد ضلع کے عوام اس تعلق سے مختلف اندازے لگانے میں مصروف ہیں، لیکن کوئی بھی اس سلسلے میں حتمی بات کہنے کی پوزیشن میں نظر نہیں آتا۔