TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –6 MAY
امپھال، 06 مئی:منی پور کے چورا چند پور میں اس وقت چار افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب سکیورٹی فورسز علاقے میں میتی برادری کے لوگوں کو نکالنے کا کام کر رہی تھیں۔ دریں اثنا، آئی آر ایس (انڈین ریونیو سروس) ایسوسی ایشن نے کہا کہ ایک ٹیکس اسسٹنٹ جس کی شناخت لیٹمنتھنگ ہوکیپ کے نام سے ہوئی ہے، امپھال میں مارا گیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیاکہڈیوٹی پر موجود ایک بے گناہ سرکاری ملازم کے قتل کا کوئی جواز نہیں ہے۔چورا چند پور میں یہ فائرنگ ریاست کی اکثریتی میتی برادری اور کوکی قبیلے کے درمیان کئی دنوں تک شدید جھڑپوں کے بعد ہوئی ہے، جس کی ابتدا بدھ کو بھی ہوئی تھی۔
فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب قبائلیوں نے مبینہ طور پر علاقے سے میتیز کو نکالنے میں مداخلت کرنے کی کوشش کی۔24سالہ موان ہنسنگ نے بتایا کہ شہر میں بدامنی جمعہ کی شام 7 بجے کے قریب شروع ہوئی۔ سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں۔ شام 7 بجے کے قریب، ہمیں اطلاع ملی کہ شہر میں پھنسے ہوئے میتی لوگوں کو سیکورٹی اہلکار نکالنے جا رہے ہیں۔ لوگ (اس انخلاء کی مخالفت کرتے ہوئے) قصبے کی مرکزی سڑک، ٹڈیم روڈ پر جمع ہوئے تاکہ اسے روکا جاسکے۔ ہم نے خواتین کو بیریکیڈ کے سامنے کھڑا کر دیا کیونکہ ہمارا خیال تھا کہ ان پر گولی نہیں چلائی جائے گی۔ لیکن سیکورٹی نے گولی چلائی اور چار لوگ مارے گئے۔امپھال میں آسام رائفلز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ 80سے 200 لوگوں کا اجتماع ہوا تھا اور فائرنگ میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف حصوں سے لوگوں کا انخلاء مسلسل جاری ہے۔ریاست کے مختلف حصوں میں سڑکوں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔مرکزی سیکورٹی فورسز کے ایک سینئر عہدیدار نے بھی چار لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے جبکہ ضلع کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ تعداد تین بتائی ہے۔