TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8 MAY
کیئف،8مئی:روس نے یوکرین پر اپنی بمباری تیز کردی ہے۔ اسی تناظر میں کیف نے روسی ڈرونز مار گرانے کے اعلانات بھی کیے ہیں۔ پیر کے روز یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے ملک بھر میں مختلف اہداف پر راتوں رات روس کی طرف سے لانچ کیے گئے حملوں کے دوران تمام 35 ایرانی ساختہ ’’شاہد‘‘ ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔یوکرینی فوج کی روزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ روس نے گزشتہ رات بھی 16 میزائل حملے کیے تھے جن میں بنیادی طور پر خارکیف، کھیرسن، میکولائیو اور اوڈیسا کے شہروں پر حملہ کیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی فورسز اور آبادی والے علاقوں پر 61 فضائی حملے کیے گئے اور بھاری میزائل لانچنگ سسٹم کے ذریعے 52 حملے کیے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے اور اونچی عمارتوں، نجی گھروں اور دیگر شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ “ویگنر” باخموت شہر پر اپنا زور دار حملہ جاری رکھنے کے لیے افواج کے ساتھ ملا ہوا ہے۔ افواج شہر کے مغربی علاقے پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔مقامی ذرائع نے ’’العربیہ‘‘ کو بتایا ہے کہ روسیوں نے بغیر رکے یوکرینی مقامات پر گولہ باری کی۔ گزشتہ رات باخموت پر جہنم جیسی گزری۔ دوسری طرف کہا گیا ہے کہ یوکرین کی افواج ویگنر جنگجوؤں کی پیش رفت کو روکنے کے لیے بہادری سے دفاع کر رہی ہیں۔ خرومووا کے علاقے میں بھی یوکرین کے جنگجوؤں نے توپ خانے کی آڑ میں شاہراہ پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے روسی حملوں کو پسپا کردیا۔واضح رہے کئی مہینوں سے روسی فوج نے یوکرین کے علاقوں بالخصوص مشرق میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ روسی افواج ڈونباس کے پورے علاقے کو کنٹرول میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔