نیوزی لینڈ نے پانچویں ون ڈے میں 47 رن سے جیت درج کی، پاکستان نے سیریز 4-1 سے جیت لی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8  MAY

کراچی، 8 مئی: کراچی میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنوں سے شکست دے کر کلین سویپ ہونے سے خود کو بچا لیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے جیت لی۔ تاہم، اس شکست کی وجہ سے پاکستان کو آئی سی سی مردوں کی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں سرفہرست مقام سے بھی ہاتھ دھونا پڑا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 300 رنوںکے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے شان مسعود (07)، بابر اعظم (01) اور محمد رضوان (09) کو سستے میں کھو دیا۔ پوری سیریز میں شاندار فارم میں رہنے والے فخر زمان بھی 33 رن بنانے کے بعد رویندر کا شکار بنے ۔
اس کے بعد افتخار احمد اور آغا سلمان نے 97 رنوں کی شراکت داری کرکے پاکستان کی امیدیں جگا دیں تاہم ہنری شپلی نے جلد ہی پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ سلمان نے شاندار نصف سنچری اننگ کھیلتے ہوئے 57 رن بنائے۔
افتخار نے اپنی بہترین اننگ کھیلتے ہوئے ناٹ آوٹ 94 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کوجیت نہ دلا سکے اور پاکستان کو 47 رنوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
کراچی میں ٹاس جیت کر کپتان ٹام لیتھم نے پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور ان کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ ول ینگ نے 91 گیندوں پر شاندار 87 رن بنائے، انہیں لیتھم کا بھرپور ساتھ ملا، جنہوں نے 58 گیندوں پر 59 رن بنا کر سیریز کی اپنی تیسری نصف سنچری اسکو ر کی ۔
ان دونوں کے علاوہ مارک چیپ مین (43)، کول میک کوونکی (26) اور رچن رویندر (28) نے بھی کارآمد اننگز کھیلی، جس کی مدد سے نیوزی لینڈ نے 49.3 اوورز میں 299 رن بنائے۔