TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –9 MAY
بنگلورو،9مئی: کانگریس نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کرناٹک میں آج ایک جلسہ عام میں راہل گاندھی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف وعدے نہیں کرتے بلکہ جو کہتے ہیں وہ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کرناٹک میں حکومت بنتی ہے، ہم ان پانچوں وعدوں پر کام شروع کر دیں گے جو ہم نے کرناٹک کے لوگوں سے کیے ہین تاکہ ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔کانگریس لیڈر نے بعد میں یہاں ایک مقامی بس میں بیٹھی کرناٹک کی خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی پانچ اسکیموں کے ذریعے کرناٹک میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے”۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی اپنے آپ کو مٹی کا بیٹا کہنے اور ووٹ مانگنے سے پہلے یہ بھی بتا دیں کہ آپ نے کرناٹک کے لوگوں کے لیے کیا کام کیا ہے۔ میں کرناٹک میں کھڑا ہوں کیونکہ میرا کام بولتا ہے۔وہیں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ کرناٹک میں بدعنوانی اور لوٹ مار بند کرو، ایسی حکومت لائیں جس پر آپ کو فخر ہو۔ کانگریس کرناٹک آ رہی ہے اور ہم نے کرناٹک کے لوگوں کے بہتر مستقبل کے لیے روڈ میپ تیار کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے پارٹی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر مسز واڈرا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بارہا وزیر اعظم، وزیر داخلہ، دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور دیگر بی جے پی لیڈروں سے کہا ہے ایشو پر آو، لیکن ایک بار بھی وہ نہیں آئے۔ بی جے پی کے کسی لیڈر نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے ساڑھے تین سال میں کرناٹک کے لیے کیا کیا ہے، کتنے روزگار دییے ہیں، کتنی ترقی کی ہے۔اس سے پہلے آج راہل گاندھی نے شہر کے کننگھم روڈ پر واقع کیفے کافی ڈے آؤٹ لیٹ کا دورہ کیا۔ آؤٹ لیٹ سے باہر نکلتے ہوئے راہل نے بی ایم ٹی سی بس اسٹاپ پر کالج جانے والی اور کام کرنے والی خواتین کے ایک گروپ سے ملاقات کی اور بات چیت کی۔ راہل اس کے بعد خواتین کے ساتھ بی ایم ٹی سی بس میں سوار ہوئے اور ان سے کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کے بارے میں بات کی۔انہوں نے تمام خواتین کے لیے خاص طور پر بی ایم ٹی سی اور کے ایس آر ٹی سی بسوں میں مفت بس سفر کی بات کی۔ انہوں نے انہیں گرہلکشمی (گھر کی خاتون سربراہ کو 2000 روپے) کی ضمانت کے بارے میں بھی بتایا۔ خواتین نے راہل کو اپنے ٹرانسپورٹ کے مسائل کے بارے میں بتایا اور بتایا کہ قیمتوں میں اضافہ ان کے بجٹ کو کیسے متاثر کر رہا ہے۔ راہل اس کے بعد لنگاراجا پورم میں بس سے اترے جہاں انہوں نے بس اسٹاپ پر خواتین سے دوبارہ بات کی۔