TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –9 MAY
واشنگٹن،9مئی: امریکا میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو ان سے ملاقات کے لیے امریکا کا ویزا مل گیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستانی منتقلی کی درخواست پر سماعت کی۔سماعت میں درخواست گزار ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اپنے وکیل عمران شفیق کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں ان کے ساتھ امریکا میں عافیہ صدیقی کے وکیل کلائیو اسمتھ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو ا?گاہ کیا کہ امریکا میں عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے فوزیہ صدیقی کو 5 سال کا امریکی ویزا مل گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق نے ملاقات سے متعلق عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی جیل میں عافیہ صدیقی سے 29 سے 31 مئی کے درمیان 3 روز تک ملاقات طے پا گئی ہے، فوزیہ صدیقی اور وکیل کلائیو اسمتھ عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ وزارت خارجہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپنڈنٹ ڈاکٹر فراہمی میں مدد کرے۔عدالت نے فوزیہ صدیقی کو ہدایت کی کہ جب کبھی کوئی مسئلہ ہو درخواست دیں اگلے دن عدالت سن لے گی۔عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق دستاویزات اور معلومات کو امریکی وکیل کے ساتھ شیئر کیا جائے۔عدالت نے ہدایت کی کہ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ یقین دہانی کرائیں گے کہ معلومات عافیہ صدیقی کیس کے علاوہ کہیں اور استعمال نہیں ہوں گی۔عدالت کا کہنا تھا کہ امریکی وکیل کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ تاکہ وہ کیس تیار کر سکیں، امریکی وکیل کلائیو سمتھ کا شئیر کردہ ڈاکومنٹ کانفیڈینشل رہے گا۔وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حساس معلومات کی وجہ سے مجاز اتھارٹی کی منظوری ضروری ہو گی۔عدالت نے ہدایت کی کہ جس حد تک ممکن ہو سکا عافیہ صدیقی کے وکیل سے مکمل تعاون کریں گے۔عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فوزیہ صدیقی کی امریکا میں سیکورٹی اور سیفٹی یقینی ہو۔وکیل کلائیو سمتھ نے عافیہ صدیقی کیس سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا، عدالت نے ڈاکومنٹ صرف وزارت خارجہ کے ساتھ شئیر کرنے کی ہدایت کردی۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 30 جون تک ملتوی کردی۔