TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 MAY
لکھنؤ 10 مئی: انڈین سوسائٹی فار لیڈ اوئیرنیس اینڈ ریسرچ کے زیر اہتمام 19ویں لیڈکان 2023 میں پروفیسر عباس علی مہدی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ صدر شعبہ بایو کیمسٹری، کے۔ جی۔ ایم۔ یو۔ اور ایرا میڈیکل یونیورسٹی لکھنؤ کے وائس چانسلر پروفیسر عباس علی مہدی کو یہ ایوارڈ تروپتی میں امارا راجا اماران بیٹریز کی جانب سے منعقد ایک مخصوص پروگرام میں معزز شخصیات کے بدست دیا گیا۔ پروفیسر مہدی اس سے قبل متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈ سے سرفراز کیے جا چکےہیں۔ حال ہی میں اسٹین فورڈ یونیورسٹی، کیلیفورنیا کے دریعے جاری سروے میں عالمی سطح پر سائنس دانوں کی درجہ بندی میں سر فہرست 2 فیصد ناموں میں ان کا نام شامل کیا گیا ہے جس کے لیے حکومت اترپردیش کے نائب وزیراعلی جناب برجیش پاٹھک کے بدست ‘وشوا گورو سمان’ جیسے اہم اعزاز سے نوازا گیا۔ پروفیسر مہدی میڈیکل کے میدان کا ایک اہم اور معتبر نام ہے۔ وہ لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے سپریٹنڈنٹ اور ٹراما سینٹر کے انچارج جیسے اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عباس علی مہدی مختلف سماجی و ادبی سرگرمیوں میں بھی برابر شریک رہے ہیں۔ کورونا کے دنوں میں پروفیسر مہدی نے بے حد مستعدی کے ساتھ مفت طبی صلاح، ادویات کی تقسیم کے متعلق اپنی خدمات انجام دیں۔ اس گراں قدر اعزاز کے لیے ہندی اردو ساہتیہ ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین سید اطہر نبی ایڈوکیٹ، آل انڈیا مسلم انٹلکچول سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عمار انیس نگرامی، ڈاکٹر محمد ادریس، ڈاکٹر یاسر جمال وغیرہ نےپروفیسر عباس علی مہدی کو امبارکباد پیش کی ہے۔