TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 MAY
لندن، 10مئی:ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی کے والد نے سعودی عرب کے ’’الہلال‘‘ کلب سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میسی نے اگلے سیزن میں سعودی عرب میں کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور نہ ہی اس پررضامندی ظاہر کی ہے۔پیرس سینٹ جرمین کلب (پی ایس جی) کی طرف سے کھیلنے والے میسی کے مستقبل کے بارے میں حالیہ دنوں میں کافی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں کیونکہ فرانس کی لیگ ون ٹیم نے انھیں سعودی عرب کا غیرمجازدورہ کرنے اور اس کے دوران میں تربیتی سیشن میں عدم شرکت کی وجہ سے معطل کردیا تھا۔قبل ازیں منگل کے روز فرانسیسی میڈیا نے خبردی تھی کہ فٹ بال عالمی کپ کی فاتح ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان میسی کی سعودی عرب منتقلی طے شدہ ہے اور وہ معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے تفصیل کوحتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں۔لیکن 35 سالہ عالمی فٹ بال اسٹارمیسی کے والد جارج نے انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا کہ اگلے سال کے لیے کسی بھی کلب کے ساتھ ابھی کچھ طے نہیں ہے۔لیونل کے پی ایس جی کے ساتھ لیگ (سیزن) ختم کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کبھی نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے مزیدلکھاکہ ایک مرتبہ سیزن ختم ہونے کے بعد یہ تجزیہ کرنے اور دیکھنے کا وقت ہوگا کہ وہاں کیا ہے، اور پھر فیصلہ کریں گے۔ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کسی کے ساتھ کچھ بھی طے نہیں پایاہے۔نہ زبانی، نہ دستخط، نہ ہی کوئی اتفاق، اورموجودہ سیزن کے اختتام تک ایسا کچھ نہیں ہوگا۔میسی نے گذشتہ ہفتے پی ایس جی اور اپنی ٹیم کے ساتھیوں سے معذرت کی تھی اور وہ پیر کو تربیتی سیشن میں واپس آگئے تھے۔خیال رہے کہ ان کے مدمقابل ان کے حریف کرسٹیانو رونالڈو اس وقت سعودی کلب النصر کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔