حج 2023کے قبل تیاریوں کے سلسلے میں حج بھون میں اعلیٰ سطحی جائزہ نشست

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10  MAY

( مؤرخہ10؍مئی) بہار ریاستی حج کمیٹی کے عزت مآب چیئرمین جناب الحاج عبدالحق صاحب نے اپنے پریس اعلانیہ کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ آج مؤرخہ 10-05-2023 کوبوقت: 11:00 بجے دن حج بھون کے کانفرنس ہال میں حج2023 کے قبل تیاریوں کے سلسلے میں جناب محمد زماں خان ، عزت مآب وزیر محکمہ اقلیتی فلاح حکومت بہار کی صدارت میںجناب عامر سبحانی ، چیف سکریٹری،حکومت بہار کے ذریعہ اورجناب الحاج عبد الحق، عزت مآب چیئرمین بہار ریاستی حج کمیٹی کی موجودگی میں اعلیٰ سطحی جائزہ نشست کا انعقاد ہوا۔ جائزہ نشست میں جناب امیرآفاق احمد فیضی جوائنٹ سکریٹری وڈائریکٹرمحکمہ اقلیتی فلاح حکومت بہار کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداران شامل ہوئے، جن میں محکمہ صحت، محکمہ تعمیرات، محکمہ توانائی، پٹنہ نگر نگم، پٹنہ اور جہان آباد ضلع انتظامیہ ،اورمحکمہ اطلاعات عامہ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ جائزہ نشست میں عزت مآب وزیر، محکمہ اقلیتی فلاح نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت بہار سبھی عازمین حج اور اُنکے رشتہ داروں کے لئے حج بھون پٹنہ میں بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرانے کے لئے پابند عہد ہے۔ وزیر موصوف نے فرمایا کہ عزت مآب وزیر اعلیٰ بہار جناب نتیش کمار کی قیادت میں ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرائی جا سکیں۔
جناب عامر سبحانی چیف سکریٹری بہار نے آج کی جائزہ نشست میں شامل ہوئے سبھی محکموں کے اعلیٰ افسران کی ہدایت دی کہ عزت مآب وزیر اعلیٰ بہار کے ذریعہ حج بھون پٹنہ میںمنعقدہ پروگرام میں شرکت سے قبل حج بھون اور اسکے اطراف میں صاف صفائی ، 24گھنٹہ بجلی سپلائی، ٹریفیک نظام ، صاف پینے کے پانی کا ٹینکر ، 24گھٹنہ میڈیکل کیمپ اور پٹنہ نگر نگم کے صفائی ملازمین کی24 گھنٹے تعیناتی کو یقنی بنایا جائے۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ صوبہ بہار کے عازمین حج کو حج بھون سے گیا انٹرنیشنل ائیرپورٹ تک آسانی کے ساتھ بروقت پہنچانے کے لئے پٹنہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے لگاتار اسکاٹ فراہم کرایا جائے گا۔ عازمین حج کی سہولت کے لئے پٹنہ سے گیا جانے کے لئے AC وولوو بس فراہم کرائی جائیگی۔ گیا ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ائیرپورٹ پر عازمین کی سہولت کے لئے ائیرپورٹ اتھارٹی اور گیا ضلع انتظامیہ کی جانب سے کثیر تعداد میں وضوخانہ، استنجا خانہ، نماز گاہ اور عازمین حج کے آرام کے لئے بیڈ کا نظم ر ہے۔
آج کے اس جائزہ نشست میں حکومت بہار کے مختلف محکموں سے تشریف لائے اعلیٰ عہدیداران کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے جناب عامر سبحانی، چیف سکریٹری، بہار نے کہا کہ مؤرخہ 20.05.2023کو عزت مآب وزیر اعلیٰ بہار جناب نتیش کمار کے ذریعہ حج بھون پٹنہ میں حج 2023 کی افتتاحی تقریب کے قبل اپنے اپنے محکموں سے متعلق تمام کاموں کوبروقت مکمل کر لیں۔ اس سلسلے میں موصوف نے ڈائریکٹر ان چیف محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ حج آپریشن کی مقررہ تاریخ سے قبل پورے بہار کے تمام اضلاع میں ٹیکا کاری کا کا م مکمل کر لیا جائے تاکہ عازمین حج کو سفر حج میں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح موصوف نے پٹنہ نگر نگم ، ٹریفک پولس، فائیر بریگیڈ، محکمہ تعمیرات، محکمہ توانائی اور پٹنہ ضلع انتظامیہ کے عہدے داران کو انکے محکموں سے متعلق کاموں کو بروقت مکمل کرنے کی ضروری ہدایات دیں۔
آج کی اس جائزہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے جناب الحاج عبدالحق صاحب عزت مآب چیئرمین ، بہار ریاستی حج کمیٹی نے بہار کے مختلف محکموں سے تشریف لائے اعلی عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی اُنکے مکمل تعاون کی امید ظاہر کی۔ مو صوف نے اس بات پر زور دیا کہ حج آپریشن کے دوران حج بھون کے اطراف میں نگر نگم کے ذریعہ صفائی نظام کو اور بہتر بنانے کی کوشش کی جائے۔
جائز ہ نشست کے آخر میں محمد راشد حسین ، چیف ایکزکیوٹیو افسر نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے عزت مآب وزیر محکمہ اقلیتی فلاح کاتہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے چیف سکریٹری حکومت بہار جناب عامر سبحانی صاحب کا بھی شکریہ ادا کیا اس کے ساتھ ساتھ بہار کے مختلف محکموں سے تشریف لائے افسران کا شکریہ ادار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آپسی تعاون اور اشتراک سے کام کرکے آئندہ حج آپریشن کو کامیاب بنایا جائیگا اور حج انتظامات کو اور بہتر بنایا جائیگا۔آئندہ ۱۸؍مئی کووزیرموصوف کی صدارت میں جناب عامرسبحانی چیف سکریٹری کے ذریعہ گیاایرپورٹ پرحج انتظامات کی جائزہ مٹنگ رکھی گئی ہے۔جس میں گیاایرپورٹ پرحج سے متعلق تیاریوں اورانتظامات کامعائنہ کیاجائے گا۔
(میڈیا سیکشن)
بہار ریاستی حج کمیٹی ،پٹنہ