TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 MAY
کراچی،۱۱؍مئی:اس سال پاکستان میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ایشیائی کرکٹ حکام پر واضح کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان سے کسی اور ملک منتقل نہیں ہوگی جبکہ ہندوستان کے میچز کیلیے ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور فارمولہ تسلیم نہیں ہوگا۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے دبئی میں ایشین اور انٹرنیشنل کرکٹ حکام سے ملاقات کی جس میں ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چمپئن ٹرافی کے حوالے سے معاملات پر بات ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر ہندوستان پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی ہندوستان میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کرسکتا ہے، چاہے آئی سی سی ایونٹ ہو یا اے سی سی ایونٹ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں اگرہندوستان کو پاکستان آنے میں مسئلہ ہے تو اس کیلئے ہائبرڈ ماڈل اپنایا جاسکتا ہے جس میں بھارت کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر جبکہ دیگر میچز پاکستان میں ہوں۔ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے یو اے ای کو ہندوستان کے میچز کا وینیو تجویز کیا تھا ،تاہم اس پر سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت ہندوستان کو اعتراض تھا کہ وہاں گرمی بہت ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ اس اعتراض کو تسلیم نہیں کر رہا ہے،تاہم ہر آپشن زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو پاکستان سے کسی اور ملک شفٹ کرنے کی تجویز بھی رد کردی۔چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے موقف اپنایا کہ ایشیا کپ کی پاکستان سے منتقلی کسی صورت تسلیم نہیں ہوگی۔