پنج وقتہ باجماعت چالیس روز نماز پڑھنے والے بچوں کو سائیکل انعام انعام میں دیا گیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12  MAY

پٹنہ : نماز دین کا ستون ہے جس کو تمام عبادتوں کا سردار کہا گیا ہے ۔ ہر عاقل بالغ مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے بابالغ پر نہیں۔ لیکن اس کی تعلیم بچپن سے ہی دینی چاہیئے۔تاکہ بچہ بالغ ہوتے ہی اس اہم عبادت کو بجا لانے والے ہو۔شریعت نے بھی والدین کو تاکید کی ہے کہ وہ بچوں کو بچپن سے ہی نماز کی تاکید کریں ۔ سات سال کی عمر سے زبانی ترغیب دیں ۔ نماز کا طریقہ ، وضو ، غسل وغیرہ کا طریقہ بتائیں۔ دس سال کی عمر میں نماز نہ پڑھنے پر تادیباً تنبیہ کریں۔
بچوں میں نماز ، قرآن پڑھنے وغیرہ کی رغبت اور شوق پیدا کرنے کیلئے عصری اور دنیاوی ماحول میں رہتے ہوئے ارکان اسلام پر بھی عمل ضروری ہے ۔ اسی فکر اور سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے مدرسہ اسلامیہ ٹرسٹ کنکڑ باغ نے چھوٹے بچوں کے درمیاں ایک انعامی مقابلہ رکھا کہ جو بچہ چالیس دن کنکڑ باغ مسجد میں باجماعت نماز پڑھے گا اس کو سائیکل انعام میں دیا جائیگا ۔

چنانچہ یہ سلسلہ رمضان کی پہلی تاریخ سے شروع کیا گیا اور دس شوال المکرم ۱۴۴۴؁ھ کو مکمل ہوا۔ جس میں اکیس بچوں نے قسمت آزمایا۔اور الحمد اللہ گیارہ بچوں نے مکمل چالیس دن جماعت کے ساتھ نماز ادا کی ایک بھی غیر حاضری نہیں ہوئی ۔ کنکڑ باغ مسجد کے امام وخطیب مولانا دانش قاسمی کے زیر نگرانی اور نائب امام مفتی محمد انصار الحق قاسمی نے پوری دلچسپی سے بچوں کی حاضری بنائی ۔ مورخہ ۱۲ ؍ مئی بروز جمعہ نماز کے بعد اسلامیہ ٹرسٹ کے تحت گیارہ بچوں کو سائیکل انعام میں دیا گیا ۔ اور باقی بچوں کو تشجیعی انعام بیگ بوتل ٹفن دیا گیا ۔ اس موقع پر شہر کے معزز مہمانان کثیر تعداد میں شریک رہے ۔جس سے مشہور نیورو فیزیشن ڈاکٹڑ زیڈ آزاد، کنکڑ باغ مسجد کے صدر نقیب احمد، نائب صدر پروفیسر اقبال شیرازی ،سکریٹری سلیم اختر ، نائب سکریٹری عقیل احمد، متحرک اور فعال نورالہدیٰ، ڈاکٹر انوارالہدیٰ، آفتاب، شمیم احمد خزانچی، کنکڑ باغ مسجد کے موذن محمد سراج الدین اور دوسرے ممبران شریک ہوئے ۔ معز ز مہمانوں کے ہاتھوں سے بچوں کو انعام دیا گیا ۔ آخر میں دعا اور شکریہ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا