بھدریشور میں اچانک دھماکہ سے لرز اٹھا علاقہ، تین افراد زخمی، اسپتال میں زیرِ علاج

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12  MAY

ہگلی12/مئی (محمد شبیب عالم) ہگلی ضلع بھدریشور میونسپلٹی کے تحت دو نمبر وارڈ کے بھامیر دیگھی کے قریب نہر میں دن کو قریب دس بجے اچانک دھماکہ کی آواز سے پورا علاقہ لرز اٹھا، کئی جگہوں پر دراڑیں تک دیکھنے کو ملیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس دھماکے سے تین لوگ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ یہ تینوں چندن نگر اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ بتایا جارہا ہےکہ یہ تینوں صفائی ملازم ہیں۔ اس دھماکہ کی اطلاع ملتے ہی چندن نگر پولیس کمشنریٹ کے تحت بھدریشور تھانے کی پولیس ساتھ ہی ریاستی حکومت کی انٹیلیجنس ڈویژن کی ٹیم بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی پولیس اور مقامی ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ دھماکہ بھدریشور کے بھومیر دیگھی علاقے کی نہر کے کنارے ایک بوری میں پڑا سامان میں ہوا۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ جب صفائی ملازمین نہر کی جس وقت صفائی کررہے تھے اسی دوران یہ زوردار دھماکہ ہوا۔ لیکن اس بوری میں ایسا کیا تھا اور وہ بوری کس نے یہاں کس مقصد سے رکھا تھا اس کا پتہ نہیں چل سکا ۔ پولیس اپنے طور پر اس دھماکہ کی تفتیش میں لگ چکی ہے۔ اس معاملے میں علاقائی لوگوں کا کہنا ہےکہ ایسا کبھی بھی اس علاقے میں نہیں ہوا تھا۔ لوگوں نے کہا کہ صفائی ملازمین یہاں کام کررہے تھے کہ اسی درمیان دھماکہ اتنا تیز ہوا کہ جیسے کوئی لوہے کی دیوار پھٹ گئی ہو۔ اس وقت کام کررہے تین لوگ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ اس دھماکہ سے ایک دم سے افراتفری کا ماحول بن گیا مقامی لوگوں نے زخمیوں کو اسپتال پہونچایا ۔ پورے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول بناہوا ہے۔