الحرا پبلک اسکول شریف کالونی میں طریقۂ تدریس کے موضوع پر چار روزہ کامیاب ورکشاپ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –13  MAY

پٹنہ (پریس ریلز)تدریسی عمل انبیائی مشن میں سے ہے۔ رسول اﷲ ﷺایک طرف مبلغ تھے تو دوسری طرف معلم بھی۔ایک معلم کے سامنے ہمیشہ رسول اﷲ ﷺ کا تعلیمی و تدریسی اسوہ رہنا چاہیے، زندگی کے ہر امور کو بحسن و خوبی انجام دینے کے معاملے میں رسول اﷲﷺ ہی ہمارے لیے آئیڈیل ہیں ۔ ایک استاذ خود کو محض کسی مضمون کا معلم ہی نہیں بلکہ سب سے پہلے خود کو مسلمان اور مبلغ سمجھ کر اس مقدس پیشہ سے ہمیشہ جڑا رہے۔ ایک معلم کے پیش نظر ہمیشہ یہ بات رہے کہ وہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا داعی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماسٹر ٹرینرشیخ عبد الرحیم نعیم الدین نے چارروزہ ورکشاپ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ استاذخود کو تدریسی عمل کو انجام دے کر معاوضہ حاصل کرنے والا ایک فرد نہ سمجھے،بلکہ ایک مثالی معلم کی حیثیت سے کردار سازی میں مصروف و منہمک رہے اور ان کی نفسیات کے مطابق اپنے تدریسی عمل کو مؤثر اور دلچسپ بنانے کی ہرممکن کوشش کرے ۔استاذ و شاگرد کا رشتہ ادب و احترام کے ساتھ شفت و محبت کا بھی متقاضی ہے۔استاذ صرف احترام کا خواہاں نہ ہو بلکہ وہ اس طورپر شفقت سے پیش آئے کہ شاگرد احترام کے لیے بچھا ہوا دکھائی دے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی طبیعت میں ایسی نرمی ہو کہ طلبہ ا ن سے بغیرکسی ہچکچاہٹ کے اپنے موضوع سے متعلق سوال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ معلم کلاس میں اپنے طلبہ کو چا ہے جوبھی سبجیکٹ پڑھائے اس کو پڑھاتے ہوئے اپنے طلبہ کو معرفت الٰہی سے قریب کرے، کیوں کہ دنیا کا سب سے بڑا علم اللہ کی معرفت ہے۔ انہوںنے کہا کہ طلبا اپنی رائے دینا چاہیں یا آپ سے لینا چا ہیں تو اسے ہلکے میں لیتے ہوئے نظر انداز مت کیجیے۔ بلکہ غور سے سنیے اور اس کو اعتماد میں لیتے ہوئے اس کی رائے کی ستائش کیجیے اور اگرقابلِ ستائش نہیں تو اس طورپر ان کی رائے کی تردید کیجیے کہ اس کی عزت نفس کو ٹھیس نہ پہنچے۔انہوں نے کہا کہ استاذ بہت بڑا محرک ہوتا ہے، ایک ماہر معلم شیطانی فریب کاروں سے بر سر پیکار ہوتا ہے۔ لہذا شیطانی فریب کو مات دینے کے لیے ضروری ہے کہ معلم اپنے طلبا و طالبات کی وضع قطع پر مکمل نظررکھیں، صفائی و ستھرائی پر دھیان دیں۔ جونہی کمی بیشی نظر آئے اس کے ازالہ میں کوتاہی کو قطعی جگہ نہ دیں۔
الحرا پبلک اسکول شریف کالونی کے ڈائریکٹر محمد انور نے بتایا کہ اسکول کے اشتراک سے ’’انڈر اسٹینڈ القرآن اکیڈمی‘‘ حیدرآباد کے زیراہتمام ’’طریقۂ تدریس ‘‘ کے موضوع پرچار روزہ ورکشاپ ہوا، جس میں الحرا کے اساتذہ نے بڑی دلچسپی سے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے آخری دن الحرا سے باہر کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ مسلسل چار روزہ ورکشاپ میں شریک ہونے والے اساتذہ کوسند ، نقد اور ٹرالی بیگ کی شکل میں حوصلہ افزا نعامات سے نواز گیا۔ تقسیم انعامات کے موقع پر الحر ا شاہ گنج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نذیر احمد نے شرکت کر اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کے علاوہ نواب کمال احمد، حاجی بلال احمد وغیرہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔