TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14 MAY
حیدرآباد، 14مئی:آئی پی ایل 2023 کا 58 واں میچ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) اور لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے درمیان کھیلا گیا، جس میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ آئی پی ایل کا یہ میچ بھی تنازعات میں گھرا ہوارہا جس کی وجہ سے میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کے ایک ایک کھلاڑی پر جرمانہ عائد کیا ہے ۔ اس میں سن رائزرس حیدرآباد کے بعد ہینرک کلاسن اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے امت مشرا کا نام شامل ہے۔سن رائزرز حیدرآباد کے ہینرک کلاسن پر میچ کے دوران آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ کلاسن نے آرٹیکل 2.7 کے تحت لیول 1 کے جرم کا اعتراف کیاہے، جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق میں عوامی تنقید/نامناسب تبصرے کے استعمال سے متعلق ہے۔ درحقیقت، اپنی اننگ کے دوران ہینرک کلاسن کی امپائر سے نو بال کے حوالے سے ایک مختصر بحث ہوئی جس کی وجہ سے میچ ریفری نے ان پر جرمانہ عائد کیا۔ کلاسن نے اپنی اننگ کے بعد یہ بھی کہا کہ میچ کے دوران امپائرنگ اچھی نہیں تھی۔
اس کے علاوہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے امت مشرا کو بھی آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وارننگ دی گئی ہے۔ امت مشرا نے آرٹیکل 2.2 کے تحت لیول 1 کے جرم کا اعتراف کیا جو میچ کے دوران آلات کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔ دراصل، امت مشرا سن رائزرس حیدرآباد کے بلے باز انمول پریت سنگھ کا کاٹ اینڈ بولڈ وکٹ لینے کے بعد امت مشرا گیند کو ہوا میں اوپر پھینکنے والے تھے، لیکن انہوں نے غصے میں اپنا ارادہ بدل کرگیند کو پچ پر بلے باز کی طرف زور سے مار دیا۔اس کی وجہ سے بی سی سی آئی نے امت مشرا کی سرزنش کی ہے۔ وہیں امت مشرا نے بھی اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔
حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رن بنائے۔ اس اننگ کے جواب میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے 19.2 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رن بنائے اور میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔