TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14 MAY
چیمس فورڈ،14مئی: آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف بنگلہ دیش کو سیریز کے آخری میچ سے قبل بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن تیسرے ون ڈے سے باہر ہو گئے ہیں۔ جمعہ کو چیمس فورڈ میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کودائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ آئی تھی۔ بنگلہ دیشی کھلاڑی نے آئرلینڈ کے جارج ڈوکریل کا کیچ لینے کی کوشش کی اور اس دوران ان کی انگلی زخمی ہوگئی۔
انجری کے باوجود شکیب الحسن بیٹنگ کے لیے آئے اور 27 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ انہوں نے میچ میں سنچری بنانے والے نجم الحسین شانتو کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 61 رن کی اہم شراکت داری کی۔ بعد ازاں ان کی ٹیم نے یہ میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔
بنگلہ دیش کے فزیو واجد الاسلام خان نے شکیب الحسن کے بارے میں کہا کہ شکیب کو کل دوسرے ون ڈے میں کیچ لیتے ہوئے دائیں شہادت کی انگلی کی نوک پر چوٹ لگی تھی۔ ایکس رے نے آج شہادت کی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔ ایسی چوٹوں کو ٹھیک ہونے میں عموماً چھ ہفتے لگتے ہیں۔ بدقسمتی سے، اس کا مطلب ہے کہ وہ آئرلینڈ کے خلاف آخری میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کا آخری ون ڈے 14 مئی کو کھیلا جانا ہے۔ بنگلہ دیش نے کسی متبادل کا اعلان نہیں کیا لیکن اگر شکیب کو چھ ہفتوں کے لیے باہر کر دیا گیا تو وہ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان اگلے ماہ ہونے والے واحد ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔