انتخابی جیت سے کانگریس کو آئندہ سال کرناٹک میں ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات میں بھی ملے گی مدد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14  MAY

نئی دہلی، 14مئی (ا:) کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت سے پارٹی کو اگلے سال ریاست میں خالی ہونے والی چار راجیہ سبھا سیٹوں میں سے تین جیتنے میں مدد ملے گی۔ ریاست سے راجیہ سبھا کے چار ارکان کانگریس کے سید ناصر حسین، جی سی چندر شیکھر اور ایل ہنومنتھیا کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر کی میعاد 2024 میں ختم ہو رہی ہے۔ہفتہ کو ریاست کی 224 اسمبلی سیٹوں میں سے 66 پر جیتنے والی بی جے پی اگلے سال اپنے امیدواروں میں سے محض ایک کو راجیہ سبھا بھیج سکے گی۔ بی جے پی کے پاس فی الحال کرناٹک سے راجیہ سبھا کے چھ ممبران ہیں جن میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بھی شامل ہیں۔ ریاست کی 12 راجیہ سبھا سیٹوں میں سے کانگریس کے پاس پانچ اور جنتا دل (سیکولر) کے پاس ایک ممبر ہے۔سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا راجیہ سبھا میں جنتا دل (سیکولر) کے واحد رکن ہیں۔ دیوے گوڑا اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کی میعاد 2026 میں بی جے پی کے ایرنا کدلی اور نارائنا کوراگپا کے ساتھ ختم ہوگی۔ سیتا رمن سمیت چار دیگر ارکان کی میعاد 2028 میں ختم ہوگی۔خیال رہے کہ کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی کے ووٹوں کی ہفتہ کو ہونے والی گنتی میں کانگریس نے حکومت بنانے کے لیے ضروری 113 سیٹوں کے اکثریتی ہدف کو عبور کر لیا۔ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق پارٹی نے 135 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ وہیں بی جے پی کو 66، جے ڈی ایس کو 19 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔