TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 MAY
اسلام آباد ،15مئی:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم کے کارکن احتجاج کے لیے سپریم کورٹ کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں جب کہ مرکزی قائدین کے لیے شاہراہِ دستور پر اسٹیج بھی سجا دیا گیا ہے۔اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے خاکی وردی میں ملبوس انصارالاسلام کے رضا کاروں نے سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے کے سامنے پوزیشن سنبھال لی ہے۔سپریم کورٹ اور پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے ڈی پی ڈیم کارکنان کے خطاب کے لیے کنٹینر بھی پہنچا دیا گیا ہے اور احتجاج کی تیاریاں کی جا رہی ہیں،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کی عمارت کے سامنیاحتجاج کے لیے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 اور دفعہ 245 نافذ ہے۔ ریڈ زون میں پولیس، فرنٹیئر کور اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں جب کہ دفعہ 245 کے تحت اہم عمارتوں کی سیکیورٹی پر فوج مامور ہے۔اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جب کہ سپریم کورٹ کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔مختلف شہروں سے پیپلز پارٹی کے کارکن بھی اسلام ا?باد پہنچ رہے ہیں۔پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق جمعیت علماء اسلام اور مسلم لیگ ن کے قافلے پشاور سے روانہ ہو گئے ہیں۔پی ڈی ایم جماعتوں کے سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی دھرنے کے سلسلے میں راولپنڈی میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔مری روڈ پر صدر سے فیض ا?باد تک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے الزام عائد کیا تھا کہ جج عدالتی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔بقول ان کیہمیں اپنے اداروں کا تحفظ کرنا ہے اور ججز کی جانب سے جو بگاڑ کیا گیا ہے اسے درست کرنا ہے۔گزشتہ ہفتے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ضمانت پر رہائی کے بعد پی ڈی ایم نے ججز پر شدید تنقید کی تھی اور ان کے فیصلوں کے خلاف اعلیٰ عدالت کے سامنے احتجاج اور دھرنے کی کال دی تھی۔پی ڈی ایم جماعتوں کا یہ احتجاج ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب سپریم کورٹ میں آج ایک انتہائی اہم مقدمے کی سماعت ہوگی۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے حکم کے چار اپریل کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔