چھتیس گڑھ میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے فوجی جوان سمیت تین کی موت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15  MAY

کوربا/جانجگیر، 15 مئی: جانجگیر ضلع میں مبینہ طور پر زہریلی دیسی شراب پینے سے ایک فوجی جوان سمیت تین نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ تینوں نے اتوار کی رات یہ شراب پی۔ اس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے۔ انہیںاسپتال لے جایا گیا (سی ایچ سی نواگڑھ)۔ آج (پیر) ڈاکٹروں نے تینوں کو مردہ قرار دے دیا۔یہ واقعہ جانجگیر ضلع کے روگڑا گاؤں میں پیش آیا۔ فوجی جوان نند لال کشیپ، جو مبینہ طور پرزہریلی دیسی شراب پی کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، اسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ دو دن پہلے ہی اس کی شادی ہوئی تھی۔ گاؤں کے لوگوں کو جوان کے خاندان نے اجتماعی دعوت پر مدعو کیا تھا۔ اس کے لیے نند لال کشیپ، پرسورام ساہو اور ستیش کشیپ دال پسائی کے نام پر گھر سے باہر گئے ۔ تینوں نے کوچیا سے دیسی شراب خریدی تھی۔جانجگیر کے ایس پی وجے اگروال نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع مل گئی ہے۔ موت کی وجہ کیا ہے، تحقیقات کے بعد ہی تصدیق ہوسکے گی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایف ایس ایل کی ٹیم اور ڈاکٹروں کی ٹیم کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔