TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 MAY
راورکیلا، 15 مئی: دفاعی چیمپئن ہاکی ہریانہ نے 13ویں ہاکی انڈیا سب جونیئر ویمن نیشنل چیمپئن شپ 2023 کا خطاب جیت لیا ہے۔ وہیں ہاکی جھارکھنڈ کی ٹیم رنر اپ رہی۔ اڈیشہ کی ہاکی ایسوسی ایشن نے عالمی معیار کے برسا منڈا ہاکی اسٹیڈیم میں اتر پردیش ہاکی کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسرا مقام حاصل کیا۔ 11 روزہ ٹورنامنٹ میں 28 ٹیموں نے حصہ لیا۔
اتوار کی شام کھیلے گئیخطابی میچ میں ہاکی ہریانہ نے فائنل میں ہاکی جھارکھنڈ کو 3-2 سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ ہریانہ کی ٹیم ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر رہی۔ جھارکھنڈ کے لیے سنگیتا کماری (7منٹ) اور انکیتا منج (27منٹ) نے گول کیے، جب کہ ہریانہ کے لیے بھاویہ (25منٹ، 58منٹ) نے دو اور میناکشی (36منٹ) نے گول کیا۔
اس سے پہلے دن میں ہاکی ایسوسی ایشن آف اڈیشہ نے اتر پردیش ہاکی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سخت میچ میں مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر تھیں۔ رشمی رائکوار (6منٹ) نے اتر پردیش کے لیے میچ کا پہلا گول کیا، حالانکہ سونالی ایکا (43) نے پنالٹی کارنر کوتبدیل کر اڈیشہ کو 1-1 سے برابری دلادی ۔
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں، کْلّو نے اڈیشہ کے لیے پانچ میں سے دو گول بچائے اور کپتان تنوجا ٹوپو، بنتی منج، امیشا ایکا اور سونالی ایکا نے گول کرکے اپنی ٹیم کو شوٹ آؤٹ میں 4-3 سے جیت دلائی۔