طوفان ’موچا‘ کے اثر سے محفوظ رہا مغربی بنگال ، میانمار میں تباہی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15  MAY

کولکاتا، 15 مئی:خلیج بنگال میں اٹھے گردابی طوفان ‘موچا’ کی تباہی سیمغربی بنگال تو بچ گیا لیکن اس نے میانمار میں کافی تباہی مچائی ہے۔ اتوار کو دیر گئے یہ طوفان میانمار کے سیتوے ساحل سے ٹکرا گیا۔ اس دوران تین افراد کی موت ہو گئی۔ 210 کلومیٹر سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی سے سینکڑوں مکانات زمین دوز ہو گئے اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس کی وجہ سے ٹریفک، بجلی وغیرہ کی سپلائی میں خلل پڑا ہے۔طوفان بنگلہ دیش کے کوکس بازار ساحل کے قریب بھی پہنچ چکاہے جو آج دوپہر تک لینڈ فال کرے گا۔ تاہم محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ یہ طوفان اب کم دباؤ میں تبدیل ہو رہا ہے۔ اس لیے بنگلہ دیش میں جان و مال کا زیادہ نقصان نہیں ہوگا۔
طوفان کے اثر کی وجہ سے مغربی بنگال مشرقی اور مغربی مدنا پور، جنوبی اور شمالی 24 پرگنہ کے ساحلی علاقوں میں رات سے تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ کولکاتا کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔ بہار اور جھارکھنڈ کے لوگوں کو رات دیر گئے تیز گرج چمک کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ نے بتایا ہے کہ پیر کو دارالحکومت کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 26.1 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔