TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 MAY
اسلام آباد،16مئی:اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا تو رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 میں منظوری کے لیے پیش کیا جوکہ کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔بل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہاکہ توہین پارلیمنٹ بل بہت اہم قانون سازی ہے جس کے لیے میں رانا قاسم نون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس کی کافی عرصے سے ضرورت تھی۔توہین پارلیمنٹ بل قائمہ کمیٹی سے مسودے کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔بل کے مطابق پارلیمنٹ کی توہین کو جرم قرار دیا گیا ہے، پارلیمانی کمیٹی توہین پارلیمان پر کسی بھی ریاستی یا حکومتی عہدیدار کو طلب کر سکے گی۔اس بل کو چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قواعد و ضوابط اور استحقاق رانا قاسم نون نے تیار کیا ہے۔مجوزہ بل کے تحت توہین پارلیمنٹ پر مختلف سزائیں تجویز کی گئی ہیں اور ایوان کی توہین پر 6 ماہ قید اور ایک کروڑ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔بل میں تجویز دی گئی ہے کہ پارلیمنٹ کی توہین پر کسی بھی حکومتی یا ریاستی عہدیدار کو طلب کیا جا سکے گا اور 24 رکنی پارلیمانی کنٹمپٹ کمیٹی توہین پارلیمنٹ کیسز کی تحقیقات کرے گی۔اس حوالے سے تجویز دی گئی ہے کہ کمیٹی میں اپوزیشن اور حکومت کے 50، 50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا اور کنٹمپٹ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی۔اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسپیکر یا چیئرمین سینیٹ متعلقہ فرد پر سزا کے تعین کا اعلان کرسکیں گے۔