عرفان پٹھان کا دہلی کیپٹل کو مشورہ اگلے سیزن کیلئے سورو گنگولی کو ہیڈ کوچ بنایا جائے

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –17  MAY

نئی دہلی ، 17مئی:آئی پی ایل کا 16 واں سیزن دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کے لیے بالکل اچھا نہیں رہا۔ دہلی اس سیزن میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ اس سلسلے میں سابق ہندوستانی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے دہلی کیپٹلز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اگلے سیزن میں سورو گنگولی کو ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپ دیں۔دہلی کیپٹلس نے مارچ 2023 کے مہینے میں سورو گنگولی کو اپنی ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا۔اس کے تحت وہ ٹیم کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلنے والی تمام ٹیموں کی کارکردگی دیکھیں گے۔ اس میں ویمنز پریمئر لیگ میں شامل ٹیم کے علاوہ جنوبی افریقہ ٹی 20 لیگ میں پریٹوریا کیپٹلز اور آئی ایل ٹی 20 میں شامل دبئی کیپٹلز کی ٹیم شامل ہے۔عرفان پٹھان نے اسٹار اسپورٹس پر اپنے بیان میں کہا کہ دہلی ٹیم کے ڈگ آؤٹ میں سورو گنگولی کی موجودگی بڑی بات ہے۔ میرا خیال ہے کہ اگر دادا کو اس ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کردار دیا جائے تو اس ٹیم میں بڑی تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ دادا ہندوستانی کھلاڑیوں کی ذہنیت کو بخوبی جانتے ہیں اور ڈریسنگ روم کا ماحول برقرار رکھنا جانتے ہیں۔ اس سے دہلی کو واقعی بہت فائدہ ہوگا۔دہلی کیپٹلس نے اس سیزن میں ابھی 2 اور میچ کھیلے ہیں۔ اس میں انہیں ایک 17 مئی کو پنجاب کنگز کے خلاف اور دوسرا 20 مئی کو چنئی سپر کنگز کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا ہے۔ اگر دہلی یہ دونوں میچ جیت لیتی ہے تو پنجاب اور چنئی کے لیے پلے آف میں جگہ بنانا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ اس سیزن میں اب تک صرف دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز ہی پلے آف میں اپنی جگہ محفوظ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔