TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
ممبئی(ایم ملک)کارتک آرین اور کیارا اڈوانی کی آن اسکرین جوڑی ان دنوں ناظرین کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔ یہ جوڑی اب دوسری بار ستیہ پریم کی کتھا میں ایک ساتھ نظر آرہی ہے۔ ساجد ناڈیاڈوالا اور نامہ پکچرز کی آنے والی فلم کا ٹیزر گزشتہ روز ریلیز کیا گیا اور اس میں طویل عرصے کے بعدایک میوزیکل لو سانگ کی جھلک دیکھی گئی۔ اس کے ساتھ بالی ووڈ کی خوبصورت ریل جوڑی کارتک آرین اور کیارا اڈوانی کی خوبصورت کیمسٹری بھی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
دراصل یہ کارتک آرین اور کیارا اڈوانی کی آخری فلم’بھول بھولیا 2′ میں ان کی آن اسکرین کیمسٹری کا آغاز تھا جسے سامعین سے بے پناہ محبت ملی۔ اب ستیہ پریم کی کتھا کے ٹیزر کے ریلیز کے ساتھ ہی، بلاک بسٹر جوڑی کو ایک بار پھر سلور اسکرین پر محبت اور رومانس کرتے ہوئے دیکھنے کی سبھی کی خواہش پوری ہوگئی ہے۔ بلاشبہ، کارتک اور کیارا بڑی اسکرین پر ایک ساتھ شاندار نظر آتے ہیں۔ دونوں اس نسل کے سپر اسٹار ہیں، جن کی ملک بھر میں فین فالوونگ بہت زیادہ ہے۔
کیارا-کارتک کو اسکرین پر دیکھ کر اکثر رنبیر-دیپیکا، شاہ رخ-کاجول، ہریتک-ایشوریہ، اکشے-کترینہ کا دور یاد آتا ہے۔ اگرچہ ان ہٹ جوڑیوں نے تقریباً ایک دہائی تک ہمارے دلوں پر راج کیا، جدید دور میں کارتک-کیارا اس اپ کمنگ میوزیکل لو سانگ میں اپنے رومانس کے ساتھ نئے معیار قائم کرتے نظر آتے ہیں۔
‘ستیہ پریم کی کتھا’این جی ای اورنمہ پکچرس کے درمیان بڑے تعاون کی نشاندہی کرتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ساجد ناڈیاڈوالا اور شرین منتری کیڈیا کے ساتھ کشور اروڑا اور ہدایت کار سمیر ودوان نے اپنی اپنی فیچر فلموں کے لیے نیشنل ایوارڈ جیتا ہے۔ ‘ستیہ پریم کی کتھا’ 29 جون 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔