TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20 MAY
مظفر پور، 20 مئی: بہار میں مظفر پور ضلع کے صدر تھانہ علاقہ واقع مجھولیا چوک کے قریب این ایچ 28 پر ہفتہ کی صبح ہائیوا کی زد میں آنے سے پرائیوٹ اسکول ٹیچر امن کمار کی موت ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق مجھولیا چوک واقع مین روڈ پر بریکر بنا ہوا ہے جس پر موٹر سائیکل سوار آرام سے اپنی موٹر سائیکل کو کراس کر رہا تھا کہ پیچھے سے آ رہی بے قابو نامعلوم ہائیوا نے مذکورہ بائک سوار کو کچل دیا۔
اس کی اطلاع مقامی لوگوں نے پولیس کو دی جس کے بعد صدرتھانہ انچارج اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا، متوفی نوجوان کی شناخت کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ لواحقین کے مطابق متوفی نوجوان امن کمار گھر کا اکلوتا چراغ تھا اور آہیا پورتھانہ کے ایک پرائیویٹ اسکول میں ٹیچر کی نوکری کر کے اپنی زندگی گزارتا تھا۔
صدر تھانہ کے بھیکھن پورہ میں واقع اپنے گھر سے اہیا پور اسکول جانے کے دوران صبح مجھولیا میں دردناک حادثہ میں موت ہوگئی۔ پورے معاملے کے بارے میں پوچھے جانے پر صدر تھا نہ انچارج ستیندر مشرا نے بتایا کہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار کی موت ہوئی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ لاش کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس کی اطلاع ان کے گھر والوں کو بھی دے دی گئی ہے، پولیس نے بھی مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔