TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23 MAY
کولکاتا، 23 مئی: مشرقی مدنا پور اور جنوبی 24 پرگنہ کے بعد اب مالدہ میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں دھماکہ ہوا ہے۔ اس حادثے میں دوافراد ہلاک ہو گئے اور کم از کم دو دیگر شدید طور پر زخمی ہیں۔
مقامی پولیس حکام کے مطابق، منگل کی صبح تقریباً 6:45 بجے مالدہ کے انگلش بازار میونسپلٹی کے نیتا جی نگر پالیکا بازار علاقے میں پٹاخے کی فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا۔ اس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی پانچ گاڑیاں پہنچ گئیں۔ آگ بجھا دی گئی ہے۔ جھلسی حالت میں چار افراد کو نکال لیا گیا۔ چاروں کو مالدہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو شخص کو مردہ قرار دے دیا۔
آس پاس کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس فیکٹری میں بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔ قریب ہی پٹاخوں کی دکانیں بھی ہیں جس کی وجہ سے یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے۔ متوفی پٹاخے بنانے والی فیکٹری میں کام کرتے تھے۔ ان میں سے ایک کی شناخت منگل رشی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ 16 مئی کو مشرقی مدنا پور کے ایگرا تھانہ کے تحت کھڈیکول گاؤں میں پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے دھماکے میں 12 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ پانچ دن بعد 21 مئی کو جنوبی 24 پرگنہ کے بجبج علاقے میں پٹاخے کی ایک اور فیکٹری میں دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پیر کو بیر بھوم کے دبراج پور میں ایک گھر میں دھماکہ ہواتھا۔