شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں ’’یوم داغ دہلوی ‘‘کا انعقاد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25  MAY

پٹنہ (۲۵ /مئی ۲۰۲۳ )داغ اپنے عہد کے ایک ایسے نمائندہ شاعر ہیں جنہوں نے اپنی شاعری کے ذریعہ اردو زبان کو ایک معیار عطا کیا ۔انہوںنے اردو کو عوام کے دلوںکا ترجمان بنایا ۔ان کی شاعری میں زبان کی صفائی ،سلاست اور عوامی زبان کا چٹخارہ پن ملتا ہے جو انہیں نہ صرف منفرد شاعر بناتا ہے بلکہ اردو زبان کو نکھارنے اور سنوارنے میں ان کے کردار کی اہمیت کو بھی واضح کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر شعبہ اردو ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی نے شعبہ اردو پٹنہ یونیورسٹی میں منعقد داغ دہلوی کے یوم ولادت کے موقع پر ایک تقریب میں کہا ۔انہوں نے داغ کی فکر اور فن کے حوالے سے مدلل گفتگو کرتے ہوے طلبا کو داغ کی شاعری اور انکی عظمت وانفرادیت سے روشناس کرایا ۔


پراگرام کی نظامت شعبہ کےاستاد ڈاکٹر محمد ضمیر رضا نے کیااور ابتدا ہی میں اس پراگرام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا ۔انہوں نے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد طلبا و طالبات کو ہم نصابی سرگرمیوں میںشامل کرنا ہے اس لئے اس میں مقالہ نویسی ،مباحثہ،اور کوئز جیسے مقابلہ ذاتی سیشن رکھے گئے ہیں ۔اس مقابلے میں سمسٹر دوم اور چہارم کے طلبا وطالبات نے حصہ لیااورداغ دہلوی کو منظوم و منثور خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اس موقع پر شعبے کے اساتذہ ڈاکٹر عشرت صبوحی ،ڈاکٹر شبنم اور محمد عطااللہ نے بھی داغ کی شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر سرور عالم ندوی صدر شعبہ عربی نے طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائ کی اور نیک دعائوں سے نوازا۔