صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی اور رہنما خسرو بختیار کا پارٹی، سیاست چھوڑنے کا اعلان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

اسلام آباد،27مئی:پاکستان تحریک انصاف کے صدر سندھ علی زیدی نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان سے محبت کی ہے، پاکستان کے لیے سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کر چکا ہوں، دوبارہ مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افواج ہمارا فخر ہے، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں، جو ہوا غلط ہوا، سب کو کیفر کردار تک لانا ضروری ہے۔علی زیدی نے بتایا کہ کافی سوچ بچار کے بعد مشکل فیصلہ کیا ہے کہ میں سیاست چھوڑ رہا ہوں، لہذا تحریک انصاف میں سندھ کی صدارت اور کور کمیٹی ممبر یا رکن قومی اسمبلی کا سب چھوڑتا ہوں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد۔قبل ازیں پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما خسرو بختیار نے اعلان کیا ہے کہ 9 مئی کے دل سوز واقعات نے مجھے مجبور کر دیا ہے کہ میں پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے سے دور ہو جاؤں اور میں اس سیاسی فلسفے کے ساتھ اب نہیں چل سکتا۔ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو واشگاف الفاظ میں کہا تھا کہ قومی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا نیا سیاسی لائحہ عمل پارٹی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گا، اسی لیے میں نے پاکستان تحریک انصاف کی سیاست سے، کور کمیٹی کی رکنیت اور جنوبی پنجاب کی صدارت کے فرائض سے دوری اختیار کر لی۔