TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27 MAY
نئی دہلی،27مئی:ملک کی راجدھانی دہلی میں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کو لے کر لیڈروں کی طرف سے بیان بازی جاری ہے۔ کئی اپوزیشن جماعتوں نے 28 مئی کو ہونے والی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثنا، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی اپنا ردعمل دیا ہے۔ نتیش کمار نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ اس کی ضرورت کیا تھی؟وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ’’بھلا اس نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی کیا ضرورت تھی؟ پرانی عمارت سے تاریخ منسلک ہے۔ ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ اقتدار میں آنے والے یہ لوگ ملک کی پوری تاریخ بدل دیں گے۔‘‘وہیں، نیتی آیوگ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے سوال پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ اس اجلاس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بہار کو خصوصی درجہ نہ دینے پر دوبارہ ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاحی پروگرام میں نہیں جا رہے ہیں۔