TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –5 JUNE
کابل، 5جون: شمالی افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول میں زہر آلود مواد پھیلائے جانے کے بعد تقریباً 60 طالبات کی حالت غیر ہوگئی۔ یہ واقعہ شمالی صوبے سر پل کے ضلع سانچارک میں پیش آیا جہاں طالبات کی حالت غیر ہونے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔سر پل کے پولیس ترجمان دین محمد نظری نے واقعہ سے متعلق بتایا کہ ’ضلع سانچارک میں کچھ نامعلوم افراد لڑکیوں کے اسکول میں داخل ہوئے اور کلاسوں کو زہر آلود کردیا، طالبات کے کلاسز میں جاتے ہی ان پر زہر اثر انداز ہوگیا’۔پولیس ترجمان نے واقعہ کی مزید وضاحت دینے سے گریز کیا کہ آیا یہ کس قسم کا زہر تھا اور اس کے پیچھے کون تھا۔پولیس ترجمان کے مطابق طالبات کو اسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے تاہم اس معاملے پر فی الحال کوئی گرفتاری سامنے نہیں آئی۔خیال رہے کہ اس سے قبل سر پل کے انفارمیشن اینڈ کلچر کے سربراہ عمیر سرپلی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ضلع سانچارک کے 2 اسکولوں میں کچھ لڑکیوں اور اساتذہ کو زہر دیا گیا ہے۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ ذاتی مسئلے یا کسی اور وجہ سے ہوسکتا ہے۔