TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 JUNE
کولمبو، 7 جون : کولمبو اسٹرائیکرز نے جولائی-اگست 2023 میں ہونے والی لنکا پریمیئر لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے انتہائی تجربہ کار کوچ سائمن ہیلموٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ جیروم جے رتنے اور چمنڈا واس بالترتیب اسسٹنٹ کوچ اور بولنگ کوچ کے طور پر ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
ہیلموٹ، جنہوں نے دنیا بھر میں کئی فرنچائزی لیگز میں بطور کوچ کام کیا ہے، کولمبو سٹرائیکرز میں شمولیت پر کہا،’’میں کولمبو اسٹرائیکرز کے ساتھ بطور ہیڈ کوچ کام کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ پہلی بار اس لیگ میں کسی ٹیم کی کوچنگ کروں گا۔ میں ایک دلچسپ نیا سفر شروع کرنے کا مزید انتظار نہیں کر سکتا۔ ٹیم کے پاس پہلے سے ہی پاور پیک کھلاڑی ہیں اور ہم آئندہ ایل پی ایل نیلامی میں ایک مضبوط اسکواڈ بنانے کے منتظر ہیں‘‘۔
اب تک کے سب سے عظیم تیز گیند بازوں میں سے ایک – چمنڈا واس، جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 750 سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں، کولمبو فرنچائزی کے ساتھ کام کرنے پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’میرا آبائی شہر ہونے کے ناطے، یہ شہر ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا ہے۔ اور اسی وجہ سے، میں کولمبو اسٹرائیکرز کا گیندبازی کوچ بن کر بہت پرجوش ہوں۔ لنکا پریمیئر لیگ نے دنیا بھر کے نوجوانوں کو بہترین مواقع فراہم کیے ہیں اور ایک دلچسپ ٹی۔20 مقابلے میں حیرت انگیز صلاحیتوں کے ساتھ کام کرنا بہت شاندار ہوگا‘‘۔
2014 میں سری لنکا کی آئی سی سی ٹی۔ 20 ورلڈ کپ جیتنے والی مہم کی نگرانی کرنے والے سری لنکا کرکٹ کے سابق کوچنگ ہیڈ نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ کام کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا،’’نئی فرنچائزی میں شامل ہونا ہمیشہ پرجوش ہوتا ہے۔ ہمارے پاس پہلے سے ہی متھیشا پتھیرانا اور چمیکا کرونارتنے کی شکل میں کچھ عظیم مقامی کھلاڑی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ میں نوجوانوں کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں جو نیلامی کے بعد ہمارے ساتھ شامل ہوں گے‘‘۔
کولمبو سٹرائیکرز کے آئیکون کھلاڑیوں میں سے ایک بابر اعظم نے بھی کوچنگ اسٹاف کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا، ’’کولمبو اسٹرائیکرز نے یقینی طور پر ایک مضبوط کوچنگ عملہایک ساتھ رکھا ہے۔ جب ہم ایل پی ایل میں اپنی مہم سے گزریں گے، ان کا تجربہ کارآمد ہوگا ۔ میں ہر کوچ کے ساتھ کام کرنے اور آئندہ سیزن میں ٹیم کے لیے اپنا بہترین دینے کے لیے بہت پرجوش ہوں‘‘۔
کوچنگ اسٹاف کے اعلان کے بارے میں بات کرتے ہوئے، کولمبو اسٹرائیکرز ٹیم کے مالک ساگر کھنہ نے کہا،’’ہمارے لیے ایک تجربہ کار کوچنگ گروپ کا تقرر کرنا ناگزیر تھا۔ ہمیں سائمن ہیلموٹ، جیروم جے رتنے اور چمنڈا واس کو اسکواڈ میں شامل کرنے پر خوشی ہے۔ ہمارے کوچنگ اسٹاف میں کرکٹ کے عظیم ماہرین ہیں اور وہ یقینی طور پر ٹیم کو صحیح سمت میں لے جائیں گے‘‘۔
کولمبو اسٹرائیکرز نے اظہرالدین قریشی کو اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ اور سیف حسن نقوی کو سائیڈ فزیو کے طور پر شامل کیا ہے۔