امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں ایندھن کے ٹرک میںلگی آگ،ہائی وے پر بنافلائی اوور منہدم ہوا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -12 JUNE

واشنگٹن، 12 جون: امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں ہائی وے پر ایندھن سے بھرے ایک ٹرک میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے ہائی وے پربنا ایک فلائی اوور گر گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا میں انٹر اسٹیٹ ہائی وے ۔95 پر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں وہاں پہنچ گئیں لیکن آگ اتنی شدید تھی کہ اسے بجھانے میں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ایک گھنٹے سے زیادہ کا وقت لگا۔ آئل ٹینکر میں لگنے والی اس خوفناک آگ کی وجہ سے ہائی وے کی شمالی سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے جب کہ جنوبی جانب کی سڑکیں بھی محفوظ نہیں رہیں۔ محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق اس آگ یا گرمی کی وجہ سے سڑک کے نیچے بھی دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے کچھ دیر بعد فلائی اوور کے کچھ حصے گرنے لگے۔ شمال کی جانب موجود سڑک اچانک ہی منہدم ہو گئی جب کہ جنوب کی سڑک بری طرح برباد ہو گئی ہے ۔
فلاڈیلفیا کے گورنر جاش شاپیرو نے کہا کہ وہ اس واقعے کو ڈیزاسٹر پروٹوکول قرار دینے والے ہیں تاکہ ہائی وے کو دوبارہ کھولنے کے لیے وفاقی فنڈز حاصل کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی وے کے گرنے سے اس کے ملبے میں کم از کم ایک گاڑی دب گئی ہے ۔ ہم آگ لگنے اور ہائی وے کے گرنے سے ہونے والے جانی نقصان کا بھی پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اطمینان ظاہر کیا کہ واقعے کے وقت کوئی اور گاڑی ہائی وے پر نہیں آئی۔