TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -14 JUNE
نئی دہلی،14جون : ٹیم انڈیا کا ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ جیتنے کا خواب چکناچور ہوگیا۔ اوول میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 209 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچوں میں ہندوستان کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔ اب ٹیم انڈیا کا اگلا مشن اس سال منعقد ہونے والا و ڈے ورلڈ کپ ہے اور اس کے بعد 2024 میں ٹی 20 ورلڈ کپ ہونا ہے۔ اس ایک شکست نے سلیکٹرز اور ہندوستانی کرکٹ کے عہدیداروں کو نئی ٹیم بنانے کے بارے میں سوچنے پر مجبور کردیا ہوگا۔ اس بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کام شروع ہو چکا ہے۔ روہت کی جگہ ہاردک پانڈیا کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنانا اس سمت میں اٹھایا گیا پہلا بڑا قدم ہے۔ہندوستان 2021 کے ٹی-20 ورلڈ کپ میں سپر 12 راؤنڈ سے باہر ہو گیا تھا اور گزشتہ سال آسٹریلیا میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں ہندوستان سیمی فائنل میں ناک آؤٹ ہو گیا تھا۔ پھر انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ اس کے بعد ہی سلیکٹرز نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ہاردک پانڈیا کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنا یا۔ وہیں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کو اس فارمیٹ سے باہر کردیا گیاتھا۔بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر پانڈیا کو ٹی 20 ٹیم کے کپتان کے طور پر اعلان نہیں کیا۔ لیکن یہ واضح ہو گیا ہے کہ پانڈیا کی ٹی 20 ٹیم میں روہت-وراٹ جیسے سینئر کھلاڑیوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ہندوستانی ٹیم اگلے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پانڈیا کی کپتانی میں اترے گی۔خبر رساںکے مطابق آئی پی ایل 2023 میں اچھی کارکردگی دکھانے والے رنکو سنگھ، جیتیش شرما جیسے کھلاڑی اب ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی میں جگہ حاصل کر سکتے ہیں۔ ہندوستان کو جولائی میں ویسٹ انڈیز کے دورے پر جانا ہے۔ اس دورے میں 5 ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گے۔ ایسے میں جیتیش، رنکو کے علاوہ یشسوی جیسوال جیسے کھلاڑیوں کو ہندوستانی ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔وہیں رنکو سنگھ نے آئی پی ایل 2023 میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے لیے میچ فنشر کا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے 150 کے اسٹرائیک ریٹ سے 474 رنز بنائے تھے۔ جیتیش شرما نے بھی آئی پی ایل میں پنجاب کنگز کے لیے اسی انداز میں بلے بازی کی۔ اس وکٹ کیپر بلے باز نے 156 کے اسٹرائیک ریٹ سے 309 رنز بنائے۔ جبکہ رتوراج گائیکواڈ پہلے ہی ہندوستان کے لیے ٹی 20 ڈیبیو کر چکے ہیں۔نیز تیز گیند بازی میں بھی تبدیلیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔ محمد شامی، محمد سراج کے کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے انہیں ویسٹ انڈیز کی آئندہ سیریز سے آرام دے کر مکیش کمار کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ٹیم انڈیا ویسٹ انڈیز کے دورے پر 2 ٹیسٹ سیریز کے علاوہ 3 ونڈے اور 5 ٹی 20 کھیلے گی۔ ٹیسٹ سیریز 12 جولائی سے شروع ہوگی۔ ساتھ ہی دوسرا ٹیسٹ 20 جولائی سے کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ون ڈے سیریز 27 جولائی سے یکم اگست تک کھیلی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ 3 اگست سے 13 اگست تک 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔