TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -18 JUNE
لاہور ،18جون: لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ نو مئی کو جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں قومی خواتین فٹ بال ٹیم کی کھلاڑی شمائلہ ستار کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ انوسٹی گیشن پولیس نے قومی کھلاڑی شمائلہ ستار کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ شمائلہ ستار 9 مئی کو جناح ہاؤس کے باہر توڑ پھوڑ میں ملوث تھی۔ شمائلہ ستار کو جیو فنسنگ کی حتمی فہرست میں نام آنے پر حراست میں لیا گیا۔ ملزمہ شمائلہ کو گرفتاری کے بعد جوڈیشنل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔ انہیں کل بروز پیر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پولیس نے جناح ہاوس حملے کا مقدمہ دہشت گردی سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کر رکھا ہے۔ اب تک 350 سے زائد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور 430 سے زائد ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔