TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 JUNE
نوادہ ، 19 : بہار کی نتیش۔تیجسوی کی حکومت محکمہ صحت کی سہولیات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن نوادہ میں یہ دعویٰ ناکام ثابت ہو رہا ہے۔یہاں پیر کے روز ایک سنگین مریض کوٹھیلہ پر اسپتال لانا پڑا، کیونکہ مریض کے رشتہ دار ایمبولینس کے لئے کافی دیر تک ٹال فری نمبر پر فون کرتے رہے پر وہاں سے کوئی جواب نہیں ملا۔ جس کے بعد سنگین مریض کو ٹھیلہ پر لاد کراسپتال لانا پڑا۔
ٹھیلہ پراسپتال پہنچے مریض کا نام سیرومنی دیوی ہے جو کہ شہر کے کلالی روڈ کی رہائشی ہے، اسے تیز بخار تھا جس کی وجہ سے وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھی، ان کے بیٹے شرون ورنوال نے ایمبولینس کیلئے ٹول فری نمبر پر مسلسل فون کرتے رے۔مگر وہاں سے کسی قسم کا کوئی جواب نہ ملا تو وہ پڑوسی کی مدد سیٹھیلہ پر لاد کر اپنی ماں کو صدر اسپتال لے کر پہنچے۔ وہیں مریض کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے صدر اسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں پاواپوری ریفر کر دیا۔
انتظامیہ میں کمی اور اہلکاروں کی لاپروائی کو دور کرنے کے لئے حکومت بہار کے نائب وزیر اعلیٰ و وزیر صحت تیجسوی یادو محکمہ کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگ کر کے ہدف طے کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اسپتالوں کا اچانک معائنہ بھی کرتے رہے ہیں۔ جس سے اسپتال کی خامیوں کو جاننے کے بعد کارروائی کی جا سکے۔ اس کے باوجود نوادہ میں ایمبولینس کی عدم موجودگی میں سنگین مریض کوٹھیلہ پر 2 کلو میٹر تک لاد کر اسپتال لانا کہیں نہ کہیں محکمہ صحت کے نظام پر سنگین سوال اٹھا رہا ہے۔