آر کے پورم میں دوہرے قتل کے دو ملزم مزید گرفتار

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 JUNE

نئی دہلی، 19 جون: دہلی کے آر کے پورم میں دو خواتین کے قتل کے معاملے میں پولیس نے پیر کو مزید دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل اتوار کو پولیس نے واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر تین ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ پیر کو گرفتار کیے گئے دو ملزمان کی شناخت کشن اور گنیش سوامی کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں آر کے پورم علاقہ کے رہنے والے ہیں۔
یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ اس واقعہ کے بعد آس پاس کے لوگ باہر نکلے تو ملزمان وہاں سے فرار ہو گئے۔ اس واقعے میں دو بہنوں کو گولی لگی۔ جس کے بعد انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بعد ازاں دونوں نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ جانکاری کے مطابق یہ سارا معاملہ 15 ہزار روپے کی رقم کے لین دین کو لے کر ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے واقعے کے چند گھنٹے بعد ہی ارجن، مائیکل اور دیو نامی تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ ان سے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور ملزمان کو پیر کو گرفتار کرلیا گیا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے علاقے میں اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔