یوپی، بہار گرمی سے بے حال، راجستھان،آسام اور ہریانہ پر بارش کا قہر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 JUNE

لکھنؤ،19جون: یوپی اور بہار میں دھوپ کی تمازت اور گرمی کی لہر، قہر بن چکی ہے۔ لوگوں کا جینا محال ہو گیا ہے اور صورتحال شدید تشویشناک ہو گئی ہے۔ اتر پردیش کے اکثر اضلاع میں درجہ حرارت 40ڈگری کے پار ریکارڈ ہورہاہے مگر بلیا ضلع میں حالات انتہائی تشویشناک ہوگئے ہیں۔ یہاں 27گھنٹوں میںگرمی کی وجہ سے 45ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں اور 400سے زائد افراد کو اسپتال داخل کیا گیاہے۔ اُدھر بہار میں شدید گرمی کی وجہ سے گزشتہ 3دنوں میں 44ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ سرکاری اعدادوشمار ہیں، حقیقی کیفیت اس سے کہیں زیادہ سنگین ہوسکتی ہے۔ بلیا کے ضلع اسپتال میں ایک ہفتے میں 121لوگوں کی موت سے کہرام مچ گیا ہے۔ پچھلے 42گھنٹوں میں ہی 3درجن سے زائد افرادجان گنوا چکے ہیں۔ بلیا کے ساتھ ہی کشی نگر میںچار، کانپور اور الہ آباد میں دو-دوجبکہ غازی پور میں ایک شخص کی موت کی اطلاع ہے۔ ذرائع کے مطابق بلیا ضلع میں حالات اتنے خراب ہو چکیہیں کہ ہر گھنٹے میں 5سے 6مریض ایمرجنسی میں داخل ہو رہے ہیں۔ اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے انتظامی سطح پر ہلچل مچ گئی ہے۔ وہاں کے سی ایم ایس ڈاکٹر دیواکر سنگھ نے صاف گوئی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ کہہ دیا کہ یہ اموات ‘ہیٹ اسٹروک(گرمی اور لو لگنے کی وجہ) سے ہوئی ہیں تو ان کاغیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی پاداش میں تبادلہ کردیا گیا۔ ضلع اسپتال کے سرجن ڈاکٹر اے کے یادو کو چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ انچارج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ بلیا کیڈی ایم رویندر کمار نے سی ایم او ڈاکٹر جینت کمار کے ساتھ اتوار کی صبح ایک بیان جاری کرتے ہوئے گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سیاموات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھنو سے ماہرین کی ٹیم اسپتال میں ہونے والی اموات کا پتہ لگانے کیلئیپہنچی ہے۔اس ٹیم میں ڈائریکٹر سطح کے دو سینئر ڈاکٹر ہیں جو اصل صورتحال کی تفصیلات تحریری طور پر حکومت کو سونپیں گے۔نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے ریاست کے تمام ضلع اسپتالوں کو سبھی بھرتی مریضوں کا ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے اوروہ خود اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ریاست کے تمام سی ایم او اور چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اسپتال میں داخل ہر مریض کی شناخت کریں، ان کے علاج کے اچھے انتظامات کریں۔ برجیش پاٹھک کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتال کیکسی مریض کو بازار سے دوائیاں خریدنے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت نے تمام انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔